• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 سال بعد ملک کا ٹرانسپیرنسی انڈیکس تنزلی کا شکار ہوا، سعید غنی


سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر ردعمل یدتے ہوئے کہنا ہے کہ 10 سال بعد ملک کا ٹرانسپیرنسی انڈیکس تنزلی کا شکار ہوا۔

ُپی پی کے سینئر رہنما سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں اس سال کرپشن میں اضافہ ہوا مہنگائی و بیروزگاری نے گز شتہ ایک سال میں غریب کی کمر توڑ دی۔

سعید غنی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ نے عمران خان کے دعووں کو بے نقاب کردیا ہے اور رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیرھ سال میں ملک ہر حوالے سے پیچھے چلا گیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے حوالے سے جاری رپورٹ میں بھی پاکستان مزید تنزلی کی طرف گیا ہے جبکہ ایک سال میں پاکستان جمہوری اقدار کے حوالے سے بھی پیچھے چلا گیا۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ملک میں گز شتہ ایک سال میں عدلیہ اور میڈیا پر بھی حملے بڑھ گئے، انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے بھی پاکستان کا درجہ گز شتہ ایک سال میں خراب ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر آج ختنی قدغنیں ہیں پہلے کبھی دیکھنے کو نہ ملیں تھیں اور اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیاں بھی بڑھ گئیں ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا اپنی جاری کردہ نئی رپورٹ میں کہنا ہے کہ 2018ء کی نسبت 2019ء کے دوران پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا کے 180 ممالک میں کرپشن سے متعلق 2019ء کی رپورٹ جاری کر دی، جس میں بتایا ہے کہ پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پچھلے سال کی نسبت ایک نمبر کم حاصل کر سکا۔

تازہ ترین