• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آئی جی کو سبق سکھائیں گے، وہی افسر رہے گا جو عوامی نمائندوں کی پالیسی پر چلے گا، وزیراعلیٰ سندھ

وہی افسر رہے گا جو عوامی نمائندوں کی پالیسی پر چلے گا، وزیراعلیٰ سندھ


کراچی ( ٹی وی رپورٹ/اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ سندھ کابینہ کے عدم اعتماد کے بعد آئی جی کو رہنے کا حق نہیں رہا، صوبے میں وہی افسر رہے گا جو عوامی نمائندوں کی پالیسی پر چلے گی۔

چیلنج کرنے کی کوشش کی گئی تو سبق سکھائیں گے، آئی جی پارٹی بن چکے، وزیراعظم نے انہیں ہٹانے پر اتفاق کیا ہے،یہ کمزور افسر کرسی سے چمٹا رہنا چاہتا ہے، ہمارے کسی بندے نے جرم کیا ہے تو گرفتار کیوں نہیں کیا،بتائیں کوئی افسر لگوایا ۔

جیو نیوز کے مطابق مراد علی شاہ نے آئی جی کلیم امام کی سربراہی میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک نالائق افسر نے امتیاز شیخ کیخلاف بھونڈی رپورٹ بنائی، سعید غنی پر جھوٹا الزام لگایا گیا۔ 

اور تو اور ، خود انہیں یوسف ٹھیلے والے کے ساتھ ملوث کرنے کی کوشش کی گئی۔اسٹاف رپورٹر کے مطابق جمعرات کو سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان کی جانب سے آئی جی سندھ کے تبادلے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں وہی آئی جی چلے گا جو منتخب نمائندوں کی پالیسی پر چلے گا۔

یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے،حکومت انسپکٹر جنرل پولیس کلیم امام پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکی ہے اس لیے انہیں عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کا افسر کس سے بات کرتا ہے کیا وہ مجھے نہیں پتہ چلتا؟ 

آئی جی پارٹی بن جائے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا، وزیراعظم وطن واپس آتے ہی فیصلہ کرلیں گے اور آئی جی سندھ کو تبدیل کردیا جائے گا۔

تازہ ترین