• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد پولیومہم کے دوران غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے کہا ہے کہ 17فروری سے شروع ہونے والی پانچ روزہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام محکمے اپنا فعال کردار ادا کریں اور اس حوالے سے تمام تر انتظامات کو جلد مکمل کیا جائے-انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران کسی بھی افسر یا اہلکار کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی-یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی- انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے- اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صائمہ یونس، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر چوہدری محمد سہیل، ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر ثروت، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نبیلہ شاہد، ڈی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی- ڈپٹی کمشنر انوارالحق نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مربوط روابط اور مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے مقررہ اہداف کو ہر صورت یقینی بنایا جائے- اجلاس میں بتایا گیا کہ 1309 موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ 42 ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں- 627 ایریا انچارج اور 236 یوسی ایم اوز اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے-
تازہ ترین