• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائس چانسلر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی تقرری، تلاش کمیٹی کیلئے امتحان

کراچی(سید محمد عسکری/اسٹاف رپورٹر) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی مقررہ وقت کے اندر تقرری تلاش کمیٹی کے لئے ایک امتحان ثابت ہوگی کیونکہ محکمہ بورڈز و جامعات کے ماتحت چلنے والی کمیٹی تاحال کسی یونیورسٹی یا تعلیمی بورڈ کا ایک بھی وائس چانسلر/ چیئرمین بورڈ/ ناظم امتحانات/ سیکرٹری وقت پر نہیں لگاسکی ہے۔ سندھ مدرستہ الا سلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ اپنی دوسری چار سالہ مدت پوری کرنے والے ہیں اپنی مدت ختم ہونے کے بعد فوری یونیورسٹی میں قائم مقائم کی بجائے مستقل وائس چانسلر کے تقرر کیلئے خوہشمند ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے محکمہ بورڈز و جامعات کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کہا گیا ہے یونیورسٹی میں ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ ملیر کیمپس بھی تعمیر کیا جارہا ہے اور شہری کیمپس میں توسیعی کام چل رہا ہے چنانچہ ان کاموں کے تسلسل کیلئے یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر مقرر کیا جائے، غیر مستقل وائس چانسلر سے کام متاثر ہوں گے، خط میں کہا گیا ہے کہ ان کی چار سالہ مدت آئندہ ماہ 19 فروری کو مکمل ہوجائے گی چنانچہ فوری طور پر وائس چانسلر کے تقرر کے لئے اقدامات کئے جائیں، اس حوالے سے انہوں نے 10 دسمبر کو محکمہ بورڈز و جامعات کو خط بھی تحریر کیا تھا جس کے بعد محکمہ بورڈز و جامعات نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلرکے تقرر کیلئے اشتہار دے دیا ہے، واضح رہے کہ محکمہ بورڈز و جامعات کسی بھی جامعہ میں وقت پر وائس چانسلر لگانے میں ناکام رہا ہے لیاری یونیورسٹی ایک سال سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے۔ حیدرآباد یونیورسٹی، شکار پور یونیورسٹی اور جامعہ کراچی آٹھ ماہ سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے، آئی بی اے کراچی میں بھی مقررہ وقت کے گزرنے کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا تقرر ہوا اور دو دن تک تو کوئی قائم مقام بھی موجود نہیں تھا جبکہ تعلیمی بورڈز کی صورتحال اور خراب ہے چار سال سے سندھ کے کسی تعلیمی بورڈز میں مستقل ناظم امتحانات ہے نہ ہی سیکرٹری، اور تو اور بورڈز کے چیئرمین حضرات کی مدت بھی گزشتہ سال30 ستمبر کو پوری ہوچکی ہے اور محکمہ بورڈز و جامعات نے وزیر اعلیٰ سندھ سے 31 دسمبر تک چیئرمین حضرات کی توسیع اور اس دوران اشتہار دے کر بھرتی کرنے کی اجازت لی تھی مگر وہ مہلت بھی گزشتہ ماہ گزرگئی اور چیئرمین بورڈز کے تقرر کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں ہوسکا۔
تازہ ترین