• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوہرکےقتل کو خودکشی کا رنگ دینے والی اہلیہ و دیگر 5ملزم گرفتار

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )شوہرکوقتل کرکے معاملے کوخودکشی کا رنگ دینے والی اہلیہ کودیگر ملزمان کیساتھ پولیس نےگرفتار کرلیا ۔ ایس پی پوٹھوہار سید علی نے سی پی او محمد احسن یونس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچھ روز قبل تھانہ سول لائن کے علاقہ لالہ زار میں ایک شخص کی خود کشی کی اطلاع موصول ہوئی، بیوہ نے بتایا کہ مقتول نے اپنے پسٹل سے خود کو گولی مار کر خود کشی کی ہے، معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر اے ایس پی سول لائن بینش فاطمہ، ایس ایچ او تھانہ سول لائن اور ایچ آئی یو کے تفتیشی افسروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے معاملہ کی تفتیش کی اور 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ایس پی نے بتایا کہ فاخرہ بی بی نے دوشادیاں کیں اور مقتول احسان اللہ کے ساتھ اس کی تیسری شادی تھی، فاخرہ بی بی کی پہلے شوہرسے 4 بیٹیاں اور ایک بیٹا تھا، مقتول کو اسکی بیوی فاخرہ نے اپنی بیٹیوں اور دامادوں کے ساتھ مل کر قتل کر دیا اور واقعہ کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کی، ملزمان میں مقتول کی بیوہ فاخرہ بی بی، اس کی بیٹیاں بختاور، زرمینہ گل، داماد ارسلان، حسن اور دامادکی والدہ صابرہ بی بی شامل ہیں، ملزمان کو عدالت پیش کر کے ریمانڈ جسمانی حاصل کیا گیا، ملزمان نے دوران انٹروگیشن انکشاف کیا کہ مقتول کا فاخرہ سے لڑائی جھگڑا تھا،اوراسےسوتیلی بیٹی کے گھر جانے سے منع کرتا تھا جس کے رنج میں فاخرہ نے اپنی بیٹیوں اور دامادوں کے ساتھ مل کر اسے قتل کیا،سی پی او نے بہترین تفتیش اور ملزموں کی گرفتاری پر ایس پی پوٹھوہار اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر کرکے گرفتار ملزمان کو ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ چالان کیا جائے تاکہ عدالت سے کڑی سزا دلوائی جا سکے۔
تازہ ترین