• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ۭپرامن علاقوں کو بدامنی کی طرف لے جانا سمجھ سے بالاتر ہے، اے این پی

کوئٹہ ( آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کہاگیاہے کہ اے این پی کی جدوجہد ایک تاریخ ہے جس کے شہداء ،اکابرین ،کارکن ہمیشہ سے باچاخان بابا کے فلسفہ عدم تشدد پر عمل پیرا ہیں، بیان میں کہاگیا کہ گزشتہ شب سنجاوی میں پارٹی کے صوبائی کونسل کے رکن سردار احسان اللہ دمڑ اور ضلعی صدر سردار فرید اللہ دمڑ کے گھر پر سیکورٹی فورسز نے چھاپہ مار کر چادر اور چاردیواری کی تقدس کو پامال کیا بلکہ سردار نجیب اللہ سمیت دیگر 3افراد کو حراست میں لیکر ڈیڑھ گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھا گیا۔بدقسمتی سے بعض ادارے اپنی من مانی کو قائم رکھنے کے لئے اس طرح کی کارروائیاں کرتے ہوئے جان بوجھ کر پرامن علاقوں کو بدامنی اور بداعتمادی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں ،بیان میں کہاگیاکہ سردار احسان اللہ کی فیملی کا کوئی بھی شخص اگر مطلوب ہے تو آئینی و قانونی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے انہیں بلایا جاسکتا تھا یہ لوگ دن رات عوام کے درمیان سڑکوں اور شاہراہوں پر موجود ہوتے ہیں،یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ عوامی نیشنل پارٹی ہی کے اکابرین ،رہنماء اور کارکن دہشت گردی کے شکار رہے ہیں لیکن اس کے باوجود اس طرح کی روش اختیار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔اس طرح کا واقعہ چاہے کسی بھی شخص کے ساتھ پیش آئے عوامی نیشنل پارٹی اس کی بھر پور مذمت کرے گی۔
تازہ ترین