کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی ہوئی، شہر میں بلوچستان سے سردی کا نیا سسٹم کل داخل ہوگا، بلوچستان کےشمال مشرقی علاقوں میں بارش اور برف باری سےسردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ پنجاب میں بادل برسے تو ٹھنڈ بڑھ گئی ۔
شہر قائد میں صبح سویرے ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، بہادر آباد، گلشن اقبال، نیبا اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر قائد کا موسم جزوی ابر آلود رہےگا، شہر میں صبح کے وقت درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25سے27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
ذرائع موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوائیں بند ہیں اور نمی کا تناسب61 فیصد ہے،کل سے شہر میں سردی کے نئے آنے والے سسٹم کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی اور ٹھنڈ میں اضافے کا امکان ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے سردی کی نئی آنے والی لہر یکم فروری تک جاری رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں رات سے بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
وادی کوئٹہ اورگردونواح میں مطلع ابرآلود ہے اور ہلکی بارش کاسلسلہ وقفےوقفے سے جاری ہے، چمن، پشین قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، خانوزئی میں رات سے شروع ہونے والی بارش نے موسم کو بے انتہا سرد کردیا ہے ۔
وادی زیارت، کان مہترزئی، کوژک ٹاپ اور توبہ اچکزئی میں برف باری وقفے وقفے سے ہو رہی ہے۔
پنجاب میں فیصل آباد، جھنگ، کمالیہ، گوجرہ سمیت متعدد مقامات پر بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے بیشتر بالائی علاقوں میں بند راستوں کو کھولنے کے لئے امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔