• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مداح کا موبائل چھیننے پر سلمان خان تنقید کا شکار

سلمان خان نے سیلفی لینے پر مداح کا موبائل چھین لیا


بھارتی فلم اسٹار سلمان خان کے گوا ائیرپورٹ پر مداح سے غصے میں موبائل چھیننے پر اسٹوڈنٹ ونگ آف کانگریس، نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی فلم اسٹار سلمان خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ گوا ائیرپورٹ پر موجود ہیں اور سلمان خان جیسے ہی ائیرپورٹ سے نکل کر اپنی گاڑی کی طرف جاتے ہیں تو اُسی دوران ایک مداح اداکار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے جس پر سلمان خان غصے میں مداح کا موبائل چھین لیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کا مداح کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کرنے پر نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے گوا کے وزیراعلیٰ پروموڈ ساونت سے اپیل کی ہے کہ اگر اِس بدتمیزی پر سلمان خان معافی نہیں مانگیں گے تو گوا میں اُن کے داخلے پر پابندی لگادی جائے۔

نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا نے اپنے مطالبے میں کہا کہ سلمان خان کا اِس طرح کا غیر اخلاقی رویہ تمام مداحوں کی بدنامی ہے اور گوا کی حکومت اِس معاملے کو سنجیدگی سے لے تاکہ مستقبل میں کوئی فنکار ایسی حرکت نہ کرے۔

دوسری جانب بی جے پی رہنما نریندر سوائیکر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلمان خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’ایک مشہور شخصیت ہونے کی حیثیت سے لوگ اور آپ کے مداح عوامی مقامات پر آپ کے ساتھ سیلفی لیں گے، آپ کا رویہ اور سلوک انتہائی افسردہ کن ہے، آپ کو معافی مانگنی ہوگی۔‘

واضح رہے کہ سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں گوا گئے تھے اور وہ جب ائیرپورٹ سے نکل رہے تھے تو اُسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

تازہ ترین