• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں موجود طلبہ کے والدین کی حکومت سے مدد کی اپیل

چین میں موجود طلبہ کے والدین کی حکومت سے مدد کی اپیل



چین کے شہر ووہان میں پھنسے طلبہ کے والدین نے حکومتِ پاکستان سے مدد کی اپیل کی ہے۔

والدین کا کہنا ہے کہ بچوں سے متعلق وہ بہت فکرمند ہیں، حکومت پاکستان اُنہیں چین سے نکالنے کے لیے جلد از جلد اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ ووہان میں موجود دو پاکستانی طلبہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ 4 پاکستانیوں کے وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ہم سب غیر محفوظ ہوگئے ہیں، خدارا پاکستانی سفارت خانہ ہمیں جلد از جلد ووہان سے نکالے۔

 دوسری طرف چین میں پھنسے پاکستانی طلبا نے شکایت کی ہے کہ پاکستان ایمبیسی کی ویب سائٹ پر موجود فون نمبرز بند ہیں۔

پاکستانی طلبا نے کہا کہ جب بھی پاکستانی ایمبیسی سے رابطے کے لیے نمبر ملاتے ہیں وہ یا تو بند ہیں یا پھر مصروف ملتے ہیں۔

پاکستانی طلبا نے مزید کہا کہ چین میں موجود کسی طالب علم کا ویب سائٹ پر دیے گئے نمبر ز پر کوئی رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔

جیو نیوز کو معلومات ملی ہیں کہ طلبا سے رابطے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ ایمبیسی اسٹاف نے بتایا تھا جو اب سے کچھ دیر پہلے ختم کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے آج مزید 26 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد مہلک وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 132 ہو گئی، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

دوسری طرف وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ چین میں چار پاکستانی طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی، ان طلبہ کے خاندانوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مریضوں کا علاج کرانے کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔

ڈاکٹر ظفرمرزا کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ میرا وزارت خارجہ اور چین میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ ہے، چین میں تمام پاکستانی طلبہ سے پاکستانی سفارتخانے کا عملہ مستقل رابطے میں ہے۔

تازہ ترین