قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے کورونا وائرس کے خطرات کا معاملہ اُٹھا دیا۔
اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے حکومت سے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لانے کا مطالبہ بھی کردیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ طلبہ وہاں رو رہے ہیں کیا ہم تک اُن کی چیخیں نہیں پہنچ رہیں؟
انہوں نے کہا کہ وہاں 800 افراد ہیں، انہیں خصوصی جہاز بھیج کر منگوایا جائے، حکومت کی بے حسی کی انتہا ہو چکی ہے۔
عبدالاکبر چترالی نے کہا چین میں موجود اپنے بچوں کی واپسی کے لیے کرایہ دینے کو بھی تیار ہیں ،حکومت فوری اقدامات کرے۔
وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر سوچ رہی ہے، جلد فیصلہ کیا جائے گا۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن صابر حسین قائم خانی نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم کی خریداری نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے لاکھوں بوریوں کی خرد برد پکڑی، آٹے کا بحران سندھ حکومت کی نااہلی ہے، اس مسئلے پر کمیٹی بننی چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) کے رکن ریاض پیرزادہ نے کہا کہ حکومت تاحال ٹڈی دل پر قابو نہیں پا سکی، کسان پریشان ہیں، مسئلے کا حل نکالا جائے۔
وفاقی وزیر خوراک خسرو بختیار نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سپلیمنڑی گرانٹ کے تحت 50 کروڑ مختص کیے گئے ہیں، صوبے بھی ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے جمعہ کو اس مسئلے پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت میٹنگ بلائی ہے، فوڈ سیکیورٹی کو خطرہ ہے، ایمرجنسی بھی نافذ کرنا پڑی تو کریں گے۔