ملتان(سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی ملتان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی محمد امین ساجد نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام ختم کرکے اس کا نام احساس کفالت پروگرام رکھنا، حکومت کی چھوٹی سوچ اور تنگ نظری کا مظہرہے ، بے نظیر شہید اپنی شہادت کے 12سال بعد بھی عوام کے دلوں پر راج کر رہی ہیں،بے نظیر شہید کو عوام کے دلوں سے نکالنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،دنیا بھر میں بینظیر شہید کے نام کی یادگاریں بنائی جا رہی ہیں اور ان کے نام سے شاہرائیں منسوب کی جا رہی ہیں مگر پاکستان کے محسن کش حکمران اپنی محدود سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے نام سے خوفزدہ ہوکر ایک بہترین فلاحی پروگرام کو ہی ختم کر نے کے درپے ہیں، ان خیالات کا اظہارانہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈویژنل سیکرٹری تعلقاتِ عامہ میر احمد کامران مگسی، اشتیاق علی شاہ ، عدنان حیدری ، خواجہ عمران بشیر ،ملک ندیم اختر بھیموجود تھے ،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی ڈونر تنظیموں نے بے نظیر شہید کی خدمات کے اعتراف میں یہ اربوں ڈالر اس چیریٹی پروگرام کیلئے مختص کئے ہیں، ایشیاءکے سب سے بڑے اس فلاحی منصوبے کی شفافیت کا اعتراف دنیا بھر کے غیر جانبدار مبصرین اور تجزیہ نگاروں نے کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بے نظیر شہید سے نفرت کا اظہار عمران خان نے ہر موقع پر کیا ہے، تاہم نام مٹانے کی رسم چل ہی پڑی ہے تو کل کو شوکت خانم ہسپتال کا نام بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔