• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوارا بھاسکر کی عدنان سمیع کے ایوارڈ ملنے پر تنقید

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کو پدما شری ایوارڈ دینے کا مطلب ہے کہ بی جے پی کو پاکستان سے محبت ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بھارت میں جاری متنازع شہریت قانون کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’بی جے پی کو پاکستان سے محبت ہے اِسی وجہ سے اُنہوں نے سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کو پدما شری ایوارڈ سے نواز ا ہے۔‘

سوارا بھاسکر نے کہا کہ ’ایک طرف بی جے پی ہم جیسے لوگوں کو یعنی متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو گالیاں دیتی ہے، ہم پر تشدد کرتی ہے، لاٹھی چارج کرتی ہے اور دوسری طرف ایک پاکستانی گلوکار  کو پدما شری ایوارڈ سے نوازتی ہے۔‘


اُنہوں نے کہا کہ ’عدنان سمیع نے حکومت کا دل اور ذہن دونوں جیت لیا ہے جب ہی تواس ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے اور ہم سے ہمارا حق چھینا جارہا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہماری حکومت کو ہر طرف صرف پاکستان ہی نظر آتا ہے، مودی سرکار نفرت کی سیاست پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی۔‘

بھارتی اداکارہ نے بی جے پی کے جنرل سیکریٹری کیلاش وجے ورجیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کیلاش وجےکو بھی اپنی ہندوستانی شہریت کے کاغذات دِکھانے چاہیں کیونکہ وہ تو بنگلادیشی کھانا ’پوہ‘ کھاتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں۔‘

یاد رہے کہ بھارت میں 71 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر 141 افراد کو مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دینے پر پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اور اِن افراد میں سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع بھی شامل ہیں۔

سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کے مطابق 2016 میں اُنہیں بھارتی شہریت ملی اور اُنہوں نے مجموعی طور پر بھارت میں 20 سال گزارے اور ان دو دہائیوں میں اُنہوں نےبالی ووڈ کو شاندار موسیقی دی۔

تازہ ترین