• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ: بنگلادیشی ٹیم 233 رنز بناکر آؤٹ


پنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلادیش کی پورٹی ٹیم پہلی اننگز میں233رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، محمد متھن 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شاہین آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، شاہین آفریدی اور محمد عباس نے اپنے پہلے اوور میں دونوں اوپنرز سیف حسن کو بغیر کھاتہ کھولے اور تمیم اقبال کو 3 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، اُس وقت مہمان ٹیم کا اسکور صرف 3 رنز تھا۔

اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد نجم الحسین شانتو اور کپتان مومن الحق نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 62 تک پہنچادیا، اس موقع پر مومن الحق 30 رنز کی اننگز کھیل کر نجم الحسین کا ساتھ چھوڑ گئے۔

مومن الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد محمود اللّٰہ بیٹنگ کے لیے آئے اور نجم الحسین کے ساتھ مل کو اننگز کو آگے بڑھایا، دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 33 رنز بنائے، جب ٹیم کا اسکور 95 ہوا تو نجم الحسین شانتو 44 کے انفرادی اسکور پر محمد عباس کو وکٹ دے بیٹھے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمود اللّٰہ تھے جو 25 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے، لٹن داس کو 33 رنز پر حارث سہیل نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، تیج الاسلام کی وکٹ بھی حارث سہیل کے حصے میں آئی، وہ 24 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

روبیل حسین ایک اور ابوزید بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، جبکہ محمد عباس اور حارث سہیل نے دو، دو اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ دونوں ٹیمیں 16 سال بعد پاک سر زمین پر ٹیسٹ میچ میں مد مقابل ہیں۔

ٹاس کے بعد کپتان اظہر علی کا کہنا تھاکہ بنگلا دیش کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے اور ہمارے فاسٹ بولر اہم کردار ادا کریں گے۔

پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کھیلنے والے ٹیم کو برقرار رکھا ہے اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کررہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود،اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسرشاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

دوسری جانب مومن الحق کی قیادت میں بنگلا دیش ٹیم تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین شانتو، محمود اللّٰہ،محمد متھن، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو زید اور عبادت حسین شامل ہیں۔

تازہ ترین