• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو شکست، بنگلہ دیش انڈر 19 ورلڈکپ جیت گیا

بھارت کو شکست، بنگلہ دیش انڈر 19 ورلڈکپ جیت گیا


بنگلہ دیش نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ انڈر 19 ورلڈکپ جیت لیا۔

جنوبی افریقی شہر پوشیف اسٹروم میں ہونے والے عالمی میلے کے فائنل میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کے کپتان اکبر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا جہاں بنگلہ دیشی بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو آزادانہ طریقے سے کھیلنے سے روکے رکھا۔

بھارت کو پہلا نقصان 9 کے مجموعے پر ہی اٹھانا پڑا جبکہ دوسری وکٹ کی شراکت میں یشاسوی جیسوال اور تلک ورما نے 94 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 103 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر میچ بنگلہ دیشی ٹیم کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، لیکن 38 رنز بنانے والے تلک ورما کے آؤٹ ہوتے ہی، بنگلہ دیشی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی۔

بھارتی کپتان پریئم گراگ کے آؤٹ ہونے کے بعد جیسوال بھی 154 کے مجموعے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

بنگلہ دیشی بولرز نے اگلی 6 وکٹیں صرف 21 رنز کے اندر ہی تمام کردیں اور بھارت کو 177 پر آل آؤٹ کردیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اویشیک داس نے 3 جبکہ شورف الاسلام اور تنظیم حسن ساقب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی انڈر 19 کے کھلاڑیوں نے مثبت آغاز کیا اور اوپنرز نے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔

بھارت کے روی بشونی نے 17 رنز بنانے والے تنزید حسن کو آؤٹ کر کے اس پارٹنرشپ کو ختم کیا۔

اس کے بعد بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑا گئی اور 65 کے مجموعے پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ جبکہ اوپنر پرویز حسین ریٹائر ہرٹ ہوکر پویلین واپس جاچکے تھے۔

جب ٹیم کا اسکور 85 رنز پر پہنچا تو اسے 5ویں وکٹ کی صورت میں میچ نقصان اٹھانا پڑا۔

کیریز پر موجود کپتان اکبر علی نے ایک جانب سے ٹیم کے اسکور کو ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھایا اور نئے آنے والے اویشیک داس کے ساتھ اسکور کو 103 رنز تک پہنچایا جہاں اویشک بھی سوشانگ مشرا کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایک مرتبہ پھر اوپنر پرویز حسین بیٹنگ کرنے کے لیے آئے تو کپتان کے ساتھ مل کر 41 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا۔

47 رنز بنانے والے پرویز 143 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو کپتان اکبر علی نے میچ جتوانے کا بیڑہ اٹھایا اور سنسنی خیز لمحات میں شامل ہوتے میچ کو اختتام تک لے جانے لگے۔

بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے تو میچ بارش کے باعث روک دیا گیا لیکن کچھ دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 30 گیندوں پر صرف 7 رنز دکار تھے۔

بارش کے بعد پہلے ہی اوور میں بنگلہ دیش نے یہ 7 رنز بنا کر پہلی مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ جیت لیا۔

واضح رہے کہ یہ بنگلہ دیش کی کسی بھی سطح کی ٹیم کا پہلا بڑا ٹائٹل ہے۔

بنگلہ دیشی کپتان اکبر علی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بھارت کے یشاسوی جیسوال کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تازہ ترین