• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کی 23 ویں سالگرہ یادگار بنا دی


گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ عامر شوبز انڈسٹری کے وہ دو معروف نام ہیں جو اپنی دوستی کی وجہ سے خوب شہرت رکھتے ہیں ۔

11 فروری کو 23 سال کی ہونے والی ہانیہ عامر کے لیے ان کے دوست عاصم اظہر نے ایک سرپرائز برتھ ڈے پارٹی کا انعقاد کیا جسے اپنے طرز کی منفرد پارٹی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

عاصم کی جانب سے ہانیہ کے اس بڑے دن کو یادگار بنانے کے لئے کراچی کے ایک تھیم پارک کا انتخاب کیا اور وہاں سالگرہ کی تقریب کا انتظام کیا اور ساتھی اداکاروں کو بھی اس میں مدعو کیا۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاصم نے ہانیہ کی آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے تاکہ اُن کا سرپرائز کسی بھی طرح خراب نہ ہو۔

اس سرپرائز برتھ ڈے پارٹی کی ویڈیو اور تصویرں سوشل میڈیا پرخوب گردش کر رہی ہیں جو عاصم اور ہانیہ کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند بھی کی جارہی ہیں۔

ہانیہ نے اپنے قریبی دوستوں کی موجودگی میں اپنی 23ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔عاصم کی جانب سے منعقد کی گئی اس تقریب میں نمایاں شوبز ستاروں نے بھی شرکت کی۔

یاسر حسین اور انکی اہلیہ اقراء عزیز سمیت نومی انصاری، علی رحمان خان، شازیہ وجاہت بھی نظر آرہی ہیں۔

یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سالگرہ کے موقع پر بنائی گئی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی اور سالگرہ کی مبارکباد دی۔


سوشل میڈیا پر گلوکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کی جوڑی کے چرچے ہیں۔ گہری دوستی سوشل میڈیا پر تو نظر آتی ہی ہے، بیشتر تقریبات میں بھی دونوں ایک ساتھ دیکھے جاتے ہیں۔

تازہ ترین