• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بچوں پر تشدد اور جسمانی سزا پر پابندی، شہزاد رائے کا عدالت سے رجوع

بچوں پر تشدد اور جسمانی سزا پر پابندی، شہزاد رائے کا عدالت سے رجوع


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) زندگی ٹرسٹ کے صدر اور معروف گلوکارشہزاد رائے نے بچوں پرتشدد اور جسمانی سزا پر پابندی کے لئےاسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیاہے، سماعت آج (13فروری ) کو ہوگی ۔گزشتہ روز شہزاد رائے کی جانب سےدائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ ،سیکرٹری قانون ،سیکرٹری تعلیم ،سیکرٹری انسانی حقوق اور آئی جی پولیس اسلام آباد کو فریق بناتے ہوئےکہاگیاہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو سزا دینا معمول بن چکا ہے ، پڑھائی میں بہتری کے لئے بچوں کیلئے سزا کو ضروری تصور کیاجاتاہے ، بچوں پر تشدد اور سزا کی خبریں آئے روز میڈیا میں آرہی ہیں ،غیر سرکاری تنظیم ”سپارک“ کی رپورٹ کے مطابق 35000 بچے سزا کی وجہ سے سالانہ سکول چھوڑ رہے ہیں،بچوں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان 182 ممالک میں سے 154 پوزیشن پر ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 89 بنیادی انسانی حقوق سے متصادم قرار دی جائے کیونکہ یہ شق بنیادی انسانی حقوق اور بچوں کے حوالے سے یو این کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ سکولز ، جیل اوربحالی مراکز کی جگہ بچوں کو جسمانی سزا پر پابندی عائد کی جائے۔ درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ سکولوں میں بچوں کو جسمانی اور ذہنی تشدد کے ہر طریقے سے تحفظ کے اقدامات کرنے ، یو این کنونشن کے تحت بچوں کے تحفظ کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی جائے۔

تازہ ترین