• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مٹھی بھر لوگ مجھے پسند نہیں کرتے تو کوئی بات نہیں، عدنان سمیع

ممبئی (ایجنسیاں) بھارتی شہریت حاصل کرنے والے اداکار عدنان سمیع نے کہا ہے کہ اگر مٹھی بھر لوگ مجھے پسند نہیں کرتے ہیں تو کوئی بات نہیں، مجھے اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع نے بھارتی حکومت کی جانب سے ان کو پدما شری ایوارڈ دیے جانے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر مٹھی بھر لوگ مجھے پسند نہیں کرتے ہیں تو کوئی بات نہیں، مجھے اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ارب سے زائد لوگوں نے تو بھارتی حکومت کے اِس فیصلے کو سراہا ہے اور وہ لوگ خوش بھی ہوئے ہیں کہ مجھے پدما شری جیسے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ گلوکار نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مجھے جس شعبے میں ایوارڈ دیا گیا ہے وہ آرٹ اور میوزک ہے اور اِس ایوارڈ کے بعد موسیقی میں میرے مداحوں اور میرے ملک بھارت کے لیے میری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ عدنان سمیع نے کہا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے بہت قیمتی ہے اور میں اِس کے لیے بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اب کوشش کروں گا کہ اپنے شعبے میں اِس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ گلوکار نے کہا کہ پدما شری ایوارڈ ملنے کے بعد سے ایک عام بھارتی شہری ہونے کے ساتھ ساتھ مجھ پر اب بہت سی دیگر ذمہ داریاں بھی عائد ہوگئی ہیں جن کو میں بھرپور انداز میں پورا کروں گا۔ واضح رہے کہ عدنان سمیع کو پدما شری ایوارڈ ملنے کے بعد بہت سے بھارتی فنکار اور سیاستدان ان پر تنقید کررہے ہیں۔ ان سب کا کہنا ہے کہ عدنا ن سمیع کی جگہ اور بھی بہت سے گلوکار ایسے ہیں جو پدما شری ایوارڈ کے مستحق ہیں، عدنان سمیع کو یہ ایوارڈ دے کر دیگر گلوکاروں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
تازہ ترین