• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بتائی جائے: ملیحہ لودھی

انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بتائی جائے: ملیحہ لودھی


اقومِ متحدہ میں پاکستان کی سابق سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترجیح مقبوضہ کشمیر سے متعلق ہے، پاکستان کو سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال سے آگاہ کرنا چاہیے۔

سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ سیکریٹری جنرل کو پاکستان کے ترجیحی ایشوز پر بریف کیا جانا چاہیے۔

اسی حوالے سے اقوم متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر نجم الدین شیخ نے کہا ہے کہ یو این سیکریٹری جنرل کے دورے کے دو اہم پہلو ہیں۔

انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا ایک پہلو پاکستان کا افغان پناہ گزینوں سے متعلق اقدام ہے، جبکہ دوسرا پہلو پاکستان کے امن عمل میں کردار سے متعلق ہو گا۔

یہ بھی پڑھیئے: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسلام آباد پہنچ گئے

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 4 روزہ دورے پر گزشتہ شب اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں ایئر پورٹ پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ان کا استقبال کیا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا اپنے دورے کے حوالے سے ایک بیان میں کہنا ہے کہ دورۂ پاکستان کا مقصد امن کے لیے پاکستانی عوام کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں امن کوششوں میں اقوامِ متحدہ کا قابلِ بھروسہ اور مستقل شراکت دار ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: جنگوں سے اجتناب مشترکہ ذمےداری ہے، انتونیو گوتریس

وہ اسلام آباد میں عالمی افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے، جس کا مقصد پاکستان کی افغان مہاجرین کی 40 سالہ میزبانی اور کاوشوں کو اجاگر کرنا ہے۔

افغان مہاجرین کانفرنس میں افغان، ایران کے وفود اور یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلپو گرانڈی بھی شریک ہوں گے۔

پاکستان کے تاریخی دورے پر آنے والے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد میں سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹے بِلیٹی بھی جائیں گے۔

وہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی پیس کیپرز سے ملیں گے اور اس حوالے سے ایک تصویری نمائش بھی دیکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: انتونیو گوتریس کی لیبیا میں پرتشدد واقعات کی مذمت

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 18 فروری کو لاہور اور گوردوارہ کرتار پور صاحب بھی جائیں گے۔

معزز مہمان لاہور میں تاریخی بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کی سیر کریں گے، ایک اسکول کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے اور انٹر فیتھ لیڈرز سے ملاقات بھی کریں گے۔

تازہ ترین