• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورے کا مقصد پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرنا ہے، انتونیو گوتریس

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ دورۂ پاکستان کا مقصد امن کے لیے پاکستانی عوام کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا ہے۔

ایک بیان میں سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن کوششوں میں اقوامِ متحدہ کا قابلِ بھروسہ اور مستقل شراکت دار ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 4 روزہ دورے پر گزشتہ شب اسلام آباد پہنچےہیں۔

پاکستان آمد پر ایئر پورٹ پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے انتونیو گوتریس کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیئے: جنگوں سے اجتناب مشترکہ ذمےداری ہے، انتونیو گوتریس

سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

وہ اسلام آباد میں عالمی افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے، جس کا مقصد پاکستان کی افغان مہاجرین کی 40 سالہ میزبانی اور کاوشوں کو اجاگر کرنا ہے۔

افغان مہاجرین کانفرنس میں افغان، ایران کے وفود اور یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلپو گرانڈی بھی شریک ہوں گے۔

پاکستان کے تاریخی دورے پر آنے والے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد میں سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹے بِلیٹی بھی جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: انتونیو گوتریس کی لیبیا میں پرتشدد واقعات کی مذمت

وہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی پیس کیپرز سے ملیں گے اور اس حوالے سے ایک تصویری نمائش بھی دیکھیں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 18 فروری کو لاہور اور گوردوارہ کرتار پور صاحب بھی جائیں گے۔

معزز مہمان لاہور میں تاریخی بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کی سیرکریں گے، ایک اسکول کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے اور انٹر فیتھ لیڈرز سے ملاقات بھی کریں گے۔

تازہ ترین