• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری حق خودارادیت کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں، شاہ محمود

کشمیری حق خودارادیت کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں، شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں۔

انتونیو گوتیرس اور شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس کی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور کشمیری آج تک اقوام متحدہ کا حق خود ارادیت کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ملاقات میں بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل کو بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھارت کی جانب سے کی جانے والی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ انتونیو گوتیرس سے گفتگو میں افغان مہاجرین کی واپسی کے روڈ میپ پر اتفاق ہوگیا ہے۔

انتونیو گوتیرس نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے، یہاں آنے کی خوشی ہے، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں، جنہوں نے دورے کی دعوت دی، دنیا کو پاکستان، اس کے امکانات اور صلاحیتوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

یو این سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح، نصرت فتح علی خان، ملالہ یوسفزئی، عبدالستار ایدھی اور شرمین عبید پاکستان کا مثبت چہرہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھی پاکستان کا اہم کردار ہے، وزیرخارجہ سے افغان امن عمل اور کشمیر پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

انتونیو گوتیرس نے یہ بھی کہا کہ کرتارپور راہداری کا کھولنا بھی پاکستان کا ایک اچھا قدم اور مذہبی رواداری کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی حدت میں کمی کے لیے عملی اقدامات کے منتظر ہیں، پاکستان کے ٹین بلین ٹری سونامی کا قدم اٹھانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اسلاموفوبیا ناقابلِ برداشت ہے، نفرت انگیزی کے لیے اس کا استعمال ناقابلِ قبول ہے۔

تازہ ترین