• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بتائی جائے، ملیحہ لودھی

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بتائی جائے، ملیحہ لودھی 


کراچی (ٹی وی رپورٹ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بتائی جائے، انکے دورے کو بھارت پر دبائو بڑھانے کیلئے استعمال کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے دورہ پاکستان پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ انتونیو گوتیرس اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے پاکستان تشریف لائے ہیں اور پاکستان کی ترجیح ظاہر ہے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ہے ،اسلئے پاکستان یہی چاہے گا کہ انہیں اس سلسلے میں مکمل طور پر آگاہ کیا جائے اور ماضی میں جو انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے وہ اس قسم کے بیانات کو پھر دہرائیں تاکہ بھارت پر سفارتی دباؤ بڑھے۔یہ دورہ اس حوالے سے کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت صورتحال کافی خراب ہے جسکا اثر خطے میں پڑرہا ہے،سیکرٹری جنرل افغانستان کے حوالے سے بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کرینگے اور یہ پاکستان کیلئے ایک اچھا موقع ہے کہ انہیں ایسے معاملات پر آگاہی دی جائے جن پر پاکستان کا فوکس ہے۔

تازہ ترین