• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ میں حق چار یار کانفرنس، صحابہ کرام کے مرتبے اور تعلیمات کو عام کیا جائے، عرفان شاہ مشہدی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل)سنی جمعیت عوام برطانیہ کے بانی حجتہ الاسلام پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی موسوی نے کہا کہ چاروں یار رسول کی اتباع میں آج بھی امت مسلمہ ادب و احترام رسول میں حق چار یار کی روشن راہ پر چل کر قرب خدا وندی اور اللّٰہ کے فضل سے دنیا کے نقشہ پرخلفائے راشدین کے عہد جیسی عظمت پا سکتی ہے اور ان کا زوال و انحطاط ترقی و معراج کے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ سو سال کے قلیل عرصہ میں تیزی سے پھیلنے والے دین اسلام کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والے وہی عناصر ہیں جو انسانی قدروں کی پامالی کرتے ہوئے عزت و تکریم کے زاویے سے نا آشنا ہوتے ہیں جنہیں اللّٰہ اور رسول ، صحابہ کرام ، اہلبیت اور اولیاء کرام اور بزرگان دین کے مقام و مرتبے کا ادراک نہیں ہوتا اور وہ اپنے ناقص علم کے بل بوتے پر انسانی قدروں کی پامالی کرتے ہوئے ملک و قوم اور معاشرے میں تفریق اور انتشار پیدا کرکے رسوائی کا باعث بنتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریڈفورڈ کے فاطمیہ کالج میں سنی جمعیت عوام کے تحت انیسویں بین الاقوامی حق چار یار کانفرس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ یورپ اور پوری دنیا میں محبت ، اخوت اور صحابہ کرام کی عزت مقام و مرتبے اور تعلیمات کو عام کرتے ہوئے انسانی قدروں کا وہی درس دینے کی ضرورت ہے جس پر چلتے ہوئے نوجوان نسل دیگر اقوام میں پل کا ایسا کردار ادا کر سکیں جہاں نفرت حقارت بد عملی اور بے راہ روی کا دور دور تک کوئی نام ونشان نہ ہو ہر طرف خوشبو دار مہک پھیلا کر ایک دوسرے سے محبتیں تقسیم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ سیدنا حضرت صدیق اکبر رضی اللّٰہ تعالی عنہ کی فضیلت پر مولا علی شیر خدا سمیت سب صحابہ کا اجماع ہے، پیر عرفان شاہ مشہدی نے نوجوان نسل کے دینی اور روحانی علوم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج تک کوئی بھی قوم علم حاصل کئے بغیر ترقی و خوشحالی حاصل نہیں کر سکی ۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ دیگر اقوام کو بھی دینی دھارے میں قریب کرنے کیلئے اختلافی امور سے بچتے ہوئے اسلام کے زریّں اصولوں کو اس قدر اجاگر کیا جائے کہ لوگ ہم پر فخر کر سکیں ۔ نفرت حقارت اور ایک دوسرے سے دوری کا باب بند ہو سکے ۔ پیر سید ازکیٰ جلال الدین مشہدی موسوی نے کہا کہ خلفائے راشدین اور صحابہ کرام ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں ان کے کردار اور طرزعمل ہمارے لیے عظیم رول ماڈل ہیں ان کو اپناکر دنیا کے سامنے اسلام کا اصل چہرہ پیش کرنے کی ضرورت ہے،علامہ قاری طیب نقشبندی نے کہا کہ اعتقادی آلودگی کو ختم کرنے کے لیے حق چار یا ر کانفرسز اہم کردار ادا کر رہی ہیں، ہمیں صحابہ کرامؓ اور اہلبیت کے حوالے سےامام اہلسنت احمد رضا خان بریلوی نے جو تعلیمات دی ہیں ان پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ناروے سے پیر سید نعمت علی شاہ نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللّٰہ عنہ بصیرت و تدبر، عزم و استقلال، وفاداری و فداکاری، ایثار و انفاق کا مرقع خیر، مجسم اسلام کے مردِ مومن کی سچی تصویر تھے، وہ ثانی اثنین فی الغار، وہ جانثارِ ذات مصطفی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم، پروانہ شمع رسالت، اسلام کے پہلے خلیفہ راشد، ہر دور میں اہلِ حق اور متلاشیان راہ حق و ہدایت کے لئے اصحاب رسول میں سے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں۔خواجہ پیر صوفی ریاض احمد اسلمی کی زیر سرپرستی ہونے والی کانفرنس میں نظامت کے فرائض معروف نوجوان مذہبی سکالر علامہ نبیل افضل عرفانی نے سرانجام دیئے جبکہ نعت خواں پیر سید جواد حیدر شاہ اور عبدالقادر شاہ نوشاہی نے خوبصورت انداز میں نعت شریف کی صورت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، کانفرنس سے پیر سید غلام دستگیر شاہ گیلانی، مفتی واجد اقبال، پیر سید سلطان شاہ، پیر سید محبوب شاہ گیلانی، صاحبزادہ فیصل عباس، صاحبزادہ عبدالقادر شاہ گیلانی، پیر سید عرفانی میاں، علامہ خالد حسین، مولانا عرفان جلالی، مولانا عقیل جلالی، مولانا محمد عرفان عرفانی، حافظ اسد عرفانی، مولانا محمد خان قادری، خلیفہ محمد فیصل ایاز، محمد فیضان عرفانی، عثمان قادری، محمد فیاض چشتی، شعیب شاہ، جاوید مجتبی عرفانی، محمد عمیر، نعیم اقبال عرفانی، قاری محمد رضوان اور دیگر نے خطابات اور نعت شریف کی صورت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا، آخر میں پیر محمد عرفان شاہ مشہدی اور صوفی پیر ریاض احمد اسلمی نے امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی۔

تازہ ترین