• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کھیلنا باعث فخر ہے، عمران طاہر


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے لیے ملتان سلطانز میں شامل جنوبی افریقا کے کرکٹر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلنا اُن کے لیے باعث فخر ہے۔ لیگ اسپنر کا کہنا ہے کہ لاہور ان کا شہر ہے، وہ یہیں پلے بڑھے ہیں، اپنے گھر میں پی ایس ایل کھیل کر انہیں بہت خوشی ہوگی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر نے کہا کہ 2017 میں انہوں نے ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ کیا اور یہاں کھیلنے کا موقع ملا، اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ میں اپنے شہر اور اپنے گھر میں کھیل رہا ہوں، اس کا تو اپنا مزہ ہے۔

عمران طاہر نے کہا کہ پاکستان میں لیگ ہو رہی ہے، میں یہاں پلا بڑھا ہوں یہاں کھیلنا فخر کی بات ہے، ورلڈ الیون کے بعد اب میری فیملی مجھے یہاں براہ راست کھیلتا ہوا دیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کا انعقاد خوش آئند ہے، اپنے ملک کا برانڈ اپنے ملک میں ہی ہونا چاہیے کیونکہ اس سے کرکٹرز کو فائدہ ہوتا ہے، اسپانسر شپ کے معاہدے زیادہ ہوتے ہیں اور لوگوں کو بڑی تعداد میں روزگار ملتا ہے۔

لیگ اسپنر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ میرا یقین اس بات پر ہے کہ پوائنٹس ٹیبل کی بجائے تسلسل کے ساتھ کھیلیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، آپ کا کام محنت کرنا ہے، صلہ اللّٰہ نے دینا ہے۔

پی ایس ایل سیزن فائیو میں ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ ایک، ایک میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔

20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والےٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں الیمینیٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔

تازہ ترین