معروف اداکار و کامیڈین عمر شریف کی بیٹی حرا عمر کی موت غلط آپریشن کے باعث ہونے کا الزام سامنے آیا ہے۔
اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حرا عمر نے آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں سے 34 لاکھ روپے کے عوض گردے کی پیوندکاری کروائی مگر اس دوران کیس بگڑ گیا۔
اہل خانہ کے مطابق 24 سالہ حرا تین ہفتے تک آزاد کشمیر کے ایک نجی کلینک میں زیر علاج رہیں، حرا کی طبیعت بہتر نہ ہونے پر 5 روز قبل لاہور کے پرائیویٹ اسپتال لایا گیا تھا۔
اہل خانہ نے الزام لگایا کہ آزاد کشمیر میں پیوند کاری کروانے کے بعد بھی حرا کی طبیعت سنبھلنے کے بجائے مزید بگڑ گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی عدنان احمد نے کہا ہے کہ غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
اُدھر لاہور کے جس نجی اسپتال میں حرا عمر کو لایا گیا تھا، وہاں کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حرا عمر کو جب اسپتال لایا گیا، تب ہی ان کی حالت تشویشناک تھی۔