• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوتریس کا دورہ کرتار پور پاکستان کی امن شناخت کو تقویت دیتا ہے، دفتر خارجہ

گوتریس کا دورہ کرتار پور پاکستان کی امن شناخت کو تقویت دیتا ہے، دفتر خارجہ 


کراچی (ٹی وی رپورٹ) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورہ کرتاپور پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہاہے کہ انتونیو گوتریس کا دورہ کرتار پور پاکستان کی امن شناخت کو تقویت دیتا ہے، کشمیریوں پر جو ظلم ہورہا ہے اس کی واشگاف الفاظ میں اقوام متحدہ کےسیکریٹرجنرل انتونیو گوتریس نے مذمت کی ہے۔خصوصی نشریات میں سابق سفارتکار شاہد امین ،سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر،سابق سیکریٹر خارجہ سلمان بشیر نے بھی اظہار خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل انتونیوگو تریس کا دورہ بہت ہی اہم ہے پچھلے تین دن میں ان کی بھرپور مصروفیات رہی ہیں مختلف نوعیت کی افغان رفیوجیز کانفرنس ہوئی ہے وزیراعظم ، صدر، جنرل باجوہ سب سے ملاقات ہوئی ہے اور بہت اہم مسائل جو فارن پالیسی کے حوالے سے پاکستان کے ہیں ان پر ان سے تبادلہ خیال ہوا ہے،منگل کو کرتار پور گئے ہیں جو بہت ہی اچھا رہا ہے۔پاکستان کی ایک مثبت تصویر کئی حوالوں سے ابھر کر سامنے آتی ہے جس میں کرتار پور بھی ہے جب کہ بھارت عالمی سطح پر اقلیتوں پر کیے جانے والے ظلم کے حوالے سے پہچانا جارہا ہے۔ پاکستان امن کا داعی ہے جس کا سیکرٹری جنرل نے اپنے بیانات میں کئی دفعہ اظہار بھی کیا ہے پچھلے تین دنوں میں اور کرتار پور کا دورہ پاکستان کی امن شناخت کو تقویت دیتا ہے۔جموں و کشمیر پر انہوں نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ یہ عالمی تنازع ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ہونا چاہئے جموں و کشمیرکے لوگوں پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کی واشگاف الفاظ میں انہوں نے مذمت کی ہے۔

تازہ ترین