ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد نےعبد الرشید قتل کیس میں پرویز مشرف کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے باوجود بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی اور ایس ایچ اوتھانہ آبپارہ کو بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کر دی ۔
ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد پرویز القادر میمن نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غازی عبد الرشید قتل کیس کی سماعت کی ۔ سیکرٹری داخلہ کی جانب سے سیکشن آفیسر ای سی ایل ڈاکٹر وقاص مقصود جبکہ آئی جی کی جانب سے اظہر شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔
عدالت نے پرویز مشرف کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے باوجود بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ اور ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے ایس ایچ او کو نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائے گی۔