ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف آفیسر میٹرو پولیٹن شاہد اقبال کی جانب سے اوقاف کے غیر قانونی پلازے کے خلاف نوٹس لینے پر محکمہ اوقاف انتظامیہ نے ایک کروڑ 60لاکھ روپے کمرشلائزیشن فیس کی ادائیگی کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی، آج ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کا چیک چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ پلاننگ خالد بابر کی جانب سے چیف آفیسر میٹرو پولٹین کارپوریشن شاہد اقبال کو رپورٹ پیش کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ نواب پور روڈ ملتان پر محکمہ اوقاف کی جانب سے کمرشل پلازہ تعمیر کیا گیا جس کی کمرشلائزیشن اور کنوریژن فیس کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے، سپرنٹنڈنٹ پلاننگ کی جانب سے نوٹس جاری کیا تھا جس پر محکمہ اوقاف نے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔