گومل یونیورسٹی سمسٹر بریک کے تحت یکم مارچ تک بند کردی گئی، تمام ہاسٹل خالی کرادیئے گئے، وائس چانسلر نے طلباء کے دو روز سے جاری احتجاج کو بلاجواز قرار دیا ہے۔
گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں فیسوں میں اضافے اور یکم مارچ تک تدریسی عمل روکے جانے کے خلاف بعض طلباء کی طرف سے دو روز سےاحتجاج کیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق یونیورسٹی مین گیٹ پر انڈس ہائی وے بند کرنے اور بدنظمی پھیلانے پر 9 طلباء کو گرفتار کیا گیا ہے، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور چوہدری نے طلباء احتجاج کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ 3 سالوں کے دوران فیسوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی مد میں نئے آنے والے طلباء کی ہاسٹل فیسوں میں کیا گیا اضافہ پہلے ہی واپس لیا جا چکا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ چند طلباء کو یونیورسٹی کے ماحول اور ڈسپلن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔