پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے اعلان کیا ہے کہ اگلے سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز پشاور میں بھی ہوں گے۔
کراچی میں پاکستان سپر لیگ فرنچائز مالکان کے ساتھ پریس کانفرنس میں احسان مانی نے کہا کہ آج یہ موقع آگیا ہے کہ پوری لیگ پاکستان میں ہورہی ہے۔ انھوں نے پی ایس ایل کے انعقاد کے حوالے سے کراچی کے عوام کی بھی تعریف کی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں انعقاد سے ملک کی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا اور ملک کا بہتر امیج بھی اجاگر ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے سائیکل میں آئی سی سی ایونٹ کیلئے بھی بڈ کرے گا، احسان مانی نے اعلان کیا کہ اگلے سال پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں گے۔ تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ وہاں کی کے پی حکومت اسٹیڈیم کو وقت پر تیار کرے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کا کریڈیٹ کسی ایک کو نہیں، سب کو جاتا ہے ، سب نے محنت کی جسکا نتیجہ یہ ہے کہ آج تمام میچز پاکستا ن میں ہورہے ہیں۔