پاکستان سُپر لیگ کے پانچویں سیزن کا باقاعدہ آغاز آج سے ہونے جارہا ہے۔
پی ایس ایل نے پاکستان میں چھپے کئی با صلاحیت نوجوانوں کو موقع فراہم کیا جس میں شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف و دیگر نام سرفہرست ہیں، اس سیزن میں کون سے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ’اسٹار‘ بن سکتے ہیں ۔ آیئے اُن پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
عمر خان :
کراچی کنگز کے نوجوان باؤلر عمر خان کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا سنہری موقع ہے۔
ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والے بیس سالہ عمر خان پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں اس وقت توجہ کا مرکز بنے تھے، جب انہوں نے لاہور قلندرز کے اے بی ڈی ویلیئرز سمیت ہر ٹیم کے ٹاپ پلیئر کی وکٹ حاصل کی تھی۔
پی ایس ایل فور میں نمایاں پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے باوجود بھی عمر خان سلیکٹرز کی توجہ حاصل نہیں کر سکے تھے لیکن وہ پرامید ہیں کہ اس بار مزید بہتر پرفارم کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم میں جگہ حاصل کریں گے۔
سہیل اختر:
لاہور قلندرز کی قیادت کرنے والے 34 سالہ سہیل اختر کے پاس کپتان ہونے کے ناطے اس بات کا سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے فیصلوں سمیت کرکٹ کی صلاحیتوں سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو متاثر کر کے قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔
لاہور قلندرز کے سہیل اختر پچھلے کپتانوں سے بہتر کارکردگی پیش کرتے ہوئے ٹائٹل جتوانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو ان کی شہرت میں بھی اضافہ ہوگا ۔ سہیل ٹاپ آرڈر پوزیشن میں آکر اچھا کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کی قومی کرکٹ ٹیم کو ضرورت ہے۔
سہیل کو دیئے گئے فرائض اگر وہ صحیح طور پرنبھاتے ہیں تو ان کا کیرئیر روشن ہوسکتا ہے۔
موسی خان
اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر موسی خان کے لیے بھی پی ایس ایل کا پانچواں سیزن وہی ثابت ہوسکتا ہے کہ جو حارث رؤف کے لیے بگ بیش لیگ 2020 ثابت ہوئی تھی۔
خوش دل شاہ:
25 سالہ خوش دل شاہ اس بار ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ ٹیم میں 6 باؤلرز کے ہونے کے باوجود خوش دل شاہ اپنا نام بنا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ آج رات 9 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔
21 فروری کو میزبان کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا دوسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین ایونٹ کا تیسرا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔