• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیفالٹ کی باتیں کرنیوالے اب خاموش ہیں: گورنر اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر کہتے ہیں کہ پہلےجو لوگ ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے تھے اب وہ خاموش ہیں۔

کراچی میں منعقدہ سی ای او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ کچھ عرصے قبل تک ہمارے معاشی اشاریوں کی صورتِ حال اچھی نہیں تھی، ایک سال پہلے کی صورتِ حال اور اب میں بہت فرق آ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ شرحِ سود اور ایکسچینج ریٹ پر بغیر پڑھے تبصرہ کرتے ہیں، ہماری ویب سائٹ پر مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ ہے جسے پڑھ لینا چاہیے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اب ایکسچینج ریٹ مستحکم اور زرِ مبادلہ ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں، معاشی بہتری قلیل مدتی نہیں طویل مدتی پراسس ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کرپٹو کرنسی کیس، اسٹیٹ بینک کا جواب جمع

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ بات جاننا ہوتی ہے کہ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ کیا ہو گا، پالیسی ریٹ کا تعین اسٹیٹ بینک کی کمیٹی کرتی ہے۔

رضا باقر کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں پائیدار ترقی کے لیے اپنا مزاج بدلنا ہو گا، ہماری برآمدات کا جی ڈی پی سے تناسب 10 فیصد سے بھی کم ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی ملک اس شرح سے نہیں چل سکتا، کئی غریب ترین ممالک کی یہ شرح پاکستان سے بہتر ہے۔

تازہ ترین