• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا فاتحانہ آغاز، اسلام آباد یونائٹیڈ کو 3 وکٹوں سے شکست

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ سال کی فائنلسٹ اسلام آباد یونائٹیڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی، نوجوان اعظم خان نے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے33گیندوں پر59رنز بنائے۔

انہوں نے محمد نواز کے ہمراہ40رنز کی پارٹنرشپ قائم کی،سابق کپتان اور کوئٹہ کے ہیڈ کوچ معین خان کے بیٹے اعظم خان نے میچ وننگ اننگز کھیلی جبکہ4 وکٹس لینے والے محمد حسنین کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔

آسٹریلوی بین کٹنگ نے12گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے22رنز بنا ئے،محمد نواز نے23اور سہیل خان نے18رنز بنائے۔پاکستان سپرلیگ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا۔

 کوئٹہ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا،جیسن رائے صفر،شین واٹسن نے15اور احمد شہزاد نے7 رنز بنائے،26رنز پر 3وکٹ گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان کے درمیان 62رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

سرفراز نے18گیندوں پر21رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کےکولن منرو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ لیوک رونکی نے 23 رنز بنائے اور سہیل خان کا شکار بنے،ون ڈاؤن آنے ڈیوڈ میلان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 64 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی نے 19 جب کہ فہیم اشرف نے 20 رنز بنائے تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایک مرحلے پر106رنز پر دو وکٹ گرے تھے پھر آخری8وکٹ62رنز پر گرے۔محمد حسنین نے25رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔بین کٹنگ نے31رنز دے کر تین اورسہیل خان نے21رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔

تازہ ترین