ہر انسان کی زندگی میں ایک ایسا وقت آتا ہے کہ وہ اپنے دائرے سے نکل کر کچھ نیا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ فنکاروں کی بات کریں تو کچھ ٹیلی ویژن سے فلم کی طرف چلے جاتے ہیں اور کچھ کنسرٹ ایرینا سے اسٹیج اداکاری کی طرف راغب ہوجاتے ہیں، اسی طرح کچھ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بن کر پردے کے پیچھے کام کرتے رہتے ہیں جبکہ کچھ زیادہ تخلیقی صلاحیتوں کے مالک فنکار لکھنے لکھانے کی طرف آجاتے ہیں۔ ایسے ہی تخلیقی صلاحیتوں کے حامل فنکاروں میں ہالی ووڈ کی اداکارائیں بھی شامل ہیں، جو خود کو ہالی ووڈ میں منوانے کے بعد مصنّفہ بن کر بھی بہت زیادہ کام کررہی ہیں۔ آئیے ہالی ووڈ کی کچھ ایسی اداکاراؤں پر نظر ڈالتے ہیں، جو’بیسٹ سیلنگ‘ مصنّفہ بھی ہیں۔
ٹینا فے
48سالہ ایلزبتھ اسٹامٹینا ’ٹینا‘ فے امریکی اداکارہ، کامیڈین، مصنّفہ، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر ہیں۔ اسکیچ کامیڈی سیریز Saturday Night Liveخصوصی طور پر ان کی وجہِ شہرت ہے، جبکہ مشہور کامیڈی سیریز 30 Rockبھی ان ہی کی تخلیق ہے، جو2006ء سے 2013ء تک کامیابی کے ساتھ آن ایئر ہوئی۔ ان کی ایک اور کامیاب کامیڈی سیریز کا نامUnbreakable Kimmy Schmidt ہے، جو اس وقت بھی دِکھائی جارہی ہے۔ 2012ء میں ٹینافے نے اپنی لکھنے کی تخلیقی صلاحیتوں کو عملی شکل دیتے ہوئے نان فکشن کتاب Bossypantsشائع کی، جس میں ٹینا کے ٹریڈ مارک مزاح اور ہنسی کو خوب محسوس کیا جاسکتا ہے۔ Bossypantsنیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلرز کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی اور صرف امریکا میں ہی اس کی 10لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔
اسی کی آڈیو کتاب پر وہ گریمی ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی تھیں۔ اس کتاب کے ذریعے ٹینا فے نے اپنے مداحوں اور دیگر پڑھنے والوں کو ایک زبردست پیغام دینے کی کوشش کی ہے، ’لوگوں کی رائے بدلنے پر اپنی توانائیاں مت خرچ کریں۔ اپنا کام کریں اور یہ پروا نہ کریں کہ لوگ آپ کو اور آپ کے کام کو پسند کرتے ہیں یا نہیں‘۔
ڈیمی لوواٹو
ڈیمیٹریا ڈیوون لوواٹو امریکی گلوکارہ، شاعرہ اور اداکارہ ہیں۔ نیو میکسیکو میں پیدا ہونے والی اس 26سالہ خوبصورت لڑکی نے سب سے پہلے بچوں کی ٹیلی ویژن سیریز Barney & Friendsمیں بطور چائلڈ آرٹسٹ اداکاری کی، تاہم اسے اہم کردار ادا کرنے کا موقع ڈزنی چینل ٹیلی ویژن فلم Camp Rockاور اس کے سیکوئل Camp Rock 2: The Final Jamکے ذریعے ملا۔ نشہ کرنے کی عادت اور ڈپریشن نے شوبز کیریئر میں انھیں ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ نشے کی عادت اور ڈپریشن سے لڑنے کی کہانی انھوں نے اپنی کتاب Staying Strong: 365 Days a Year میںخوبصورت انداز میں بیان کی ہے۔
یہ کتاب نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلرز کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی اور کئی سیکشنز میں نمبروَن کا درجہ بھی حاصل کیا۔ وہ ایسی کتابیں لکھنا چاہتی ہیں، جنھیں پڑھ کر ان کے پرستاروںکو اچھا محسوس ہو اور وہ زندگی سے پیار کرنا سیکھیں۔ ڈیمی کا علاج امریکا کے ایک Rehabسینٹر میں کئی ماہ تک جاری رہا۔ علاج کے بعد انھوں نے ایک بار پھر اداکاری شروع کردی جبکہ ان کے دوستوں کا خیال تھا کہ وہ علاج مکمل ہونے کے بعد شوبز کیریئر کو جاری نہیں رکھیں گی اور صرف کتابیں لکھا کریں گی۔
چیلسی ہینڈلر
چیلسی ہینڈلر ایک ایسی اداکارہ ہیں، جو اپنے دماغ سے بولتی ہیں اور وہ رکھ رکھاؤ پر بالکل بھی یقین نہیں رکھتیں۔ اور ان کی کتابوں سے بھی لوگ یہی توقع رکھتے ہیں۔ وہ ابھی تک چار کتابیں تحریر کرچکی ہیں، جن میںMy Horizontal Life: A Collection of One-Night Stands(2005)،Are You There, Vodka? It's Me, Chelsea(2008)، Chelsea Chelsea Bang Bang(2010); اور Lies That Chelsea Handler Told Me(2011) شامل ہیں۔ان کتابوں کے باعث چیلسی، نیویارک ٹائمز کے بیسٹ سیلر لکھاریوں کی صف میں بھی شامل رہی ہیں۔ چیلسی کی کتابیں اس قدر کامیاب رہتی ہیں کہ وہ پبلشر کا کریڈٹ بھی شیئر کرتی ہیں اور Borderline Amazing/A Chelsea Handler Book ان کی شناخت ہے۔ آنے والے دنوں میں چیلسی ہینڈلر کی جانب سے مزید زبردست کتابوں کی توقع ہے۔
ٹائرا بینکس
46سالہ ٹائرا لین بینکس ایک کثیر الجہتی خاتون ہیں۔ وہ اداکارہ، پروڈیوسر، کاروباری شخصیت، مصنّفہ اور سابقہ ماڈل ہیں، اگر موقع ہوتو کبھی کبھی گلوکاری بھی کرلیتی ہیں۔ ریئلٹی ٹی وی شو America’s Next Top Modelان کا ایک اور بہترین کام ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ان کے Resumeپر ایک مصنّفہ کا لقب لکھنے کی کمی تھی، جسے انھوں نے اپنے ناول Modellandکی اشاعت کے ذریعے پورا کردیا۔
اس ایک ہی ناول نے انھیں بیسٹ سیلنگ مصنّفہ بنادیا ہے۔ یہ تین کتابوں کی سیریز کی پہلی کتاب ہے، جس کے مزید دو ایڈیشن ٹائرا آنے والے وقت میں لکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ تاہم کتاب لکھنے کے لیے یہ ان کی پہلی کوشش نہیں تھی۔اس سے پہلے 1998ء میں وہ اپنی خوبصورتی سے متعلق Tyra's Beauty, Inside and Out نامی کتاب بطور ساتھی مصنّفہ لکھ چکی تھیں۔ رواں سال (2018ء)میں ٹائرا نے اپنی والدہ کیرولین لنڈن کے تعاون سےPerfect is Boring نامی کتاب بھی لکھی ہے۔