کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے 5ویں سیزن کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز 20 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق 21کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ تاہم افتتاحی تقریب سے جو امیدیں وابستہ کی گئیں تھی شاید یہ ان پر پوری نہ اتر سکی جس کے باعث سوشل میڈیا پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے راک اسٹار علی عظمت بھی اس شو سے زیادہ خوش نظر نہیں آئے جنہوں نے ایک انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے علاوہ گلوکار ہارون رشید اورعاصم اظہر کو بھی شدید مایوسی ہوئی۔افتتاحی تقریب کے فوری بعد علی عظمت نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں کہا کہ شاید پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب وہاں موجود افراد کے بجائے ٹیلی ویژن ناظرین کے لیے بنائی گئی تھی۔علی عظمت کے مطابق ‘افتتاحی تقریب کے دوران وقت کا خیال بھی رکھنا تھا کہ کیوں کہ میچ بھی شروع ہونا تھا، اس لیے ترانہ ادھورا پیش کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ‘تیار ہو ترانے میں جو عاصم اظہر اور ہارون کا حصہ تھا وہ چلایا ہی نہیں گیا، ہارون نے غم و غصے کا اظہار بھی کیا، ہم نے دو دن تیاری کی، انتظامیہ کو ایسا کرنا تھا تو پہلے بتانا چاہیے تھا کہ گانے کا شارٹ ورژن پیش کیا جائے گا’۔علی عظمت کے مطابق ساڑھے تین منٹ کے گانے کو صرف 60 سیکنڈ کے لیے پیش کیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جب پی ایس ایل ترانے ‘تیار ہو’ کو ریلیز کیا گیا تھا تو اس وقت بھی سوشل میڈیا پر اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔