• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو مفت صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز

پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کی تمام آبادی کو مفت اور معیاری صحت سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کو اپنا پلان جمع کرانے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے اشتہار جاری کردیا گیا ہے۔ اس امر کا اعلان خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم جھگڑا نے ہفتے کے روز اپنے حلقہ نیابت میں ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ مشران اور عام شہری موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے گل آباد میں علاقہ مکینوں کے مسائل سنے اور ان کے جلد سے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر تیمور سیلم جھگڑا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت جہاں شہریوں کو دیگر شعبوں میں بہترین سہولیات مہیا کرنے میں سنجیدہ ہے وہیں حکومت نے مفت اور معیاری صحت سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھانے کا آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ دور حکومت میں صوبے کے مستحق افراد کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے جیسا انقلابی قدم اٹھایا تھا تاہم اب اس سے بھی ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار صوبے کی تمام آبادی تک پھیلایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کو اپنا پلان جمع کرانے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے اشتہار جاری کردیا گیا ہے۔ جلد ہی ان کمپنیوں میں سے موزوں کمپنی کا انتخاب کر کے پلان پر عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔
تازہ ترین