اسلام آباد سے سکھر پہنچنے والے قومی ایئر لائن کے طیارے کی لینڈنگ کے دوران ایمرجنسی گیٹ کھل گیا جس سے مسافروں کی چیخیں نکل گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کپتان نے جہاز کو باحفاظت لینڈ کروالیا۔
پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے سکھر پہنچی تھی کہ اچانک دروازہ کھلنے سے پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللّٰہ ایچ خان کے مطابق سکھر ایئرپورٹ پر دوران لینڈنگ قومی ایئرلائین کی پرواز کا چھوٹا دروزاہ کھل گیا۔
واضح رہے کہ جہاز کا دروازہ اندر کی طرف سے کھولنے پر کھلتا ہے۔
ترجمان کے مطابق اے ٹی آر طیارے کے دروازے کے ہینڈل کو سیٹ سے اٹھتے وقت مسافر نے ہاتھ لگایا۔ مسافر کی جانب سے ہینڈل کو پریس کرنے پر دروازہ کھل گیا۔
عبداللّٰہ ایچ خان کے مطابق اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔