• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

رنگت میں اُس کی، رنگ ہیں سارے گُھلے ہوئے....

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: عائزہ مہر

ملبوسات:کلیم کلیکشن

آرایش: دیوا بیوٹی سیلون

عکاّسی:عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

محبّت کا بھی اپنا ہی ایک رنگ ہوتاہے، جو کبھی ماند نہیں پڑتا۔ اس کا اُجلا پَن شخصیت کو کچھ اس طرح نکھار تاہے کہ سراپا حُسن کو پھر کسی ہار سنگھار کی ضرورت نہیں رہتی۔ مگر اس سے بھی انکار ممکن نہیں کہ کسی کی خاطر سجنے سنورنے کا بھی اپنا ہی مزہ ہے۔ تو لیجیے،آج ہم نے اپنی بزم کچھ ایسے خُوب صُورت اور جدّت و ندرت سے بَھرپور ملبوسات سے مرصّع کردی ہے کہ سولہ سنگھار کرنے والی تو کِھلے گی ہی، دیکھنے والی نگاہ بھی کِھل اُٹھے گی۔ 

ذرا دیکھیے، سفید رنگ ایمبرائڈرڈ ٹراؤزر، قمیص کے ساتھ آتشی، گندمی، سبز اور سُرخ رنگوں کے حسین امتزاج میں چائنا سِلک چُنری دوپٹّے کا انتخاب کیسا پیارا لگ رہا ہے۔ قمیص پر ملتانی ٹانکے سے کڑھائی کی گئی ہے،جب کہ فرنٹ اور دامن پر زری ورک نمایاں ہے۔پھر گلابی رنگ پیراہن کے بھی کیا ہی کہنے کہ پلین بیل باٹم کے ساتھ آرگنزا کاایمبرائڈرڈٹیل پیپلم بہت اسٹائلش لُک دے رہا ہے۔ساٹن سِلک کے سُرمئی رنگ پرنٹڈ بیل باٹم کے ساتھ پائن گرین رنگ کی ٹیل شرٹ خُوب میل کھا رہی ہے،توشفتالو رنگ پلین اسٹریٹ ٹراؤزر کے ساتھ اسٹائلش کفتان کی جاذبیت کا بھی جواب نہیں کہ جس کا اِنر ستارہ ورک سے آراستہ ہے،تو اَپر پلین شمِر نیٹ کا ہے۔ 

رَسٹ رنگ ویلویٹ ٹراؤزر کے ساتھ ٹیل شرٹ پرموتی ورک کے خُوب صُورت موٹفس کی آرایش ہے،تو دامن پر کوائن لیس سے ندرت پیدا کی گئی ہے، جب کہ کنٹراسٹ میں شِمر نیٹ کا پِیچ رنگ دوپٹّا بھی اچھا لگ رہا ہے ۔اسی طرح ایک اور انداز میں باٹل گرین رنگ پرنٹڈ ڈ ٹراؤزر کے ساتھ باٹم ایمبرائڈرڈ قمیص کی دِل آویزی ہے، تو کنٹراسٹ میں آتشی گلابی رنگ دوپٹّے نے لباس کی شان کچھ اور بھی بڑھا دی ہے۔

ان حسین، جاذبِ نظر ملبوسات میں سے کوئی سا بھی زیبِ تن کردیکھیں، آپ کا حُسن آپ ہی آپ گل و گلنار سا ہوجائے گا اور مَن میت بھی یہی کہتا سُنائی دے گا؎چہرے پر دھوپ چھاؤں کا میلہ لگا ہوا…شانوں پہ بے دریغ سے گیسو کُھلے ہوئے…قوسِ قزح نے اپنا خزانہ لُٹا دیا…رنگت میں اُس کی، رنگ ہیں سارے گُھلے ہوئے۔

تازہ ترین
تازہ ترین