• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

فنکاروں کی آپس میں شادیوں کے بعد شرح طلاق میں اضافہ!!

نئی نسل کے فن کار جتنی تیزی سے آپس میں شادیاں کررہے ہیں، اتنی ہی رفتار سے ان میں علیحدگی اور طلاق کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔ پچھلے چند برسوں میں شہرت یافتہ فن کاروں نے اپنے فنی عروج پر آپس میں شادیں کیں۔ کچھ کام یاب ثابت ہوئیں اور ان کی ازدواجی زندگی کام یابی سے آگے بڑھ رہی ہے اور کچھ چند برس ساتھ رہنے کے بعد بدقسمتی سے ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئے۔ نہ جانے کس کی نظر لگ گئی،ان کے ہنستے بستے گھر اجڑ گئے۔ مداح کو سب سے زیادہ ملال فلموں اور ڈراموں کی مقبول اداکارہ ماہرہ خان،علی عسکری، آمنہ شیخ اور مُحب مرزا کی طلاق کی خبر سن کر ہوا۔ طلاقوں کا یہ سلسلہ تھما نہیں، بلکہ اس کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ برس بھی کئی فن کار جوڑے جُدا ہوگئے۔

ایک جانب فلموں کے ہیرو دانش تیمور، عائزہ خان، نِدا، یاسر نواز،فضیلہ قاضی، قیصر نظامانی ، فاطمہ آفندی،کنور ارسلان، ایمن خان اور منیب خاں، خوش گوار ازدواجی زندگی بسر کررہے ہیں، تو دوسری جانب مداحوں کو ڈراموں کی منجھی ہوئی اداکارہ صنم بلوچ، حمائمہ ملک، صنم سعید، میکال ذوالفقار، محسن حیدر عباس، اور دیگر فن کاروں کی طلاقوں نے سب کو اُداس کردیا۔ گزشتہ برس دسمبر میں معروف اداکارہ سائرہ اور شہروز سبزواری کی علیحدگی کی خبریں بھی منظر عام پر آئیں۔ تاہم دونوں طرف سے اس خبر کی سختی سے تردید کی گئی۔

مُحبت جب پروان چڑھتی ہے، تو فن کار اسکرین سے حقیقت کی زندگی کا رُخ کرتے ہیں، بدقسمتی سے روشنیوں میں رہنے والے چند فن کاروں کی زندگی میں اندھیرے چھا جاتے ہیں۔ ساتھ زندگی گزارنے کی قسمیں کھانے والے فن کار ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے سے جُدا ہوجاتے ہیں، دونوں کے خواب اور سپنے، شیشے کی طرح چور چور ہوجاتے ہیں۔ چند برسوں سے نئی نسل کے فن کاروں کی جوڑیاں بن بھی رہی ہیں اور ٹوٹ بھی رہی ہیں۔ اس وجہ یہ کہ ستاروں کے ملن کو ٹوٹنے سے بچانے کے لیے فن کار برادری اپنا کردار ادا نہیں کرپاتی۔ اس سلسلے میں کوئی آگے نہیں بڑھتا۔ فلموں اور ڈراموں میں شریک حیات کو طلاق دینے والوں نے حقیقی زندگی میں بھی ’’طلاق‘‘ کو بچوں کا کھیل سمجھ لیاہے۔ صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت اداکارہ آمنہ شیخ نے کراچی کے خوبرو جوان مُحب مرزا سے 2005میں شادی کی ۔ تقریباً دس برس بعد ان دونوں کے گھر 2015میں بیٹی میسا مرزا کی پیدائش ہوئی، بد نصیبی سے 2019میں طلاق ہوگئی، معصوم میسا کا کیا ہوگا۔ آمنہ شیخ اور مُحب مرزا کی طلاق کی خبریں دو برس تک گردش کرتی رہیں۔ تاہم اس بارے میں دونوں کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی تھی۔ طلاق کی تصدیق مُحب مرزا نے احسن خان کو ایک پراگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دونوں فن کاروں کے مابین نفرتیں پیدا کرنے والی صنم سعید ہیں۔ صنم سعید اور مُحب مرزا کے درمیان قربتیں ڈراما سیریل ’’دیدن‘‘ کی شوٹنگ کے دوران بڑھیں۔ 

قارئین کو اس موقع پر یہ بھی بتاتے چلیں کہ اداکارہ صنم سعید، محب مرزا کی طرح پہلے سے شادی شدہ تھیں، محب مرزا سے دوستی کے بعد دونوں شخصیات نے اپنی ازدواجی زندگی کا خاتمہ کیا۔ صنم سعید کی شادی 2015میں فرحان حسن سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد صنم سعید دبئی منتقل ہوگئی تھیں۔ اس دوران صنم کی والدہ شدید علیل ہوئیں، تو صنم بار بار پاکستان آئیں۔ اس بارے میں صنم کا کہنا ہے کہ اُس وقت ان کی ازدواجی زندگی کو بھی وقت چاہیے تھا اور وہ اپنی والدہ سے بھی بے حد پیار کرتی تھیں۔ لہٰذا صنم نے طلاق کا فیصلہ کیا اور پھر والدہ کی دیکھ بھال کے لیے والدہ کے پاس آگئیں۔ صنم بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں ، اس لیے اس پر زیادہ ذمے داریاں بھی تھیں۔

ٹیلی ویژن ڈراما میں اپنی پہچان بنانے والی اداکارہ صنم بلوچ سے کون واقف نہیں۔ انہوں نے ڈراموں کے ساتھ مارننگ شوز کی میزبانی کرکے خُوب شہرت حاصل کی۔ ان کے کیریئر کے آغاز ہی سے شادی کی خبروں نے انہیں پریشان کررکھا تھا۔ چند برس قبل انہوں نے ٹی وی اینکر عبداللہ فرحت سے شادی کی۔

چار برس تک یہ شادی چلی اور پھر طلاق ہوگئی۔ نوجوان ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ سے اپنے شان دار کیریئر کا آغاز کرنے والے فن کار محسن عباس حیدر نے کم عرصے میں شوبزنس میں بے پناہ کام یابی حاصل کی اور پھر ٹیلی ویژن اینکر فاطمہ سہیل سے شادی کی۔ ڈیڑھ سال بعد دونوں کے درمیان ڈرامائی انداز میں طلاق ہوئی۔ دونوں نے ایک دوسرے پر طرح طرح کے الزامات عائدکیے۔ آخر کار کورٹ سے طلاق کا فیصلہ سامنے آیا۔ان کی ایک بیٹی ہے۔

فلم ’’شیردل‘‘میں عمدہ کردار نگاری کرنے والے خُوب صورت اداکار میکال ذوالفقار نے کئی سپرہٹ ڈراموں میں عمدہ کام کیا۔ میکال ذوالفقار نے 2010میں سارہ بھٹی نامی خوبرو ماڈل سے شادی کی۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ 2017میں دونوں کے مابین طلاق ہوگئی ، اب میکال دونوں بیٹیوں کی دیکھ بھال کی ذمے داری پوری کررہے ہیں۔ اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی شوٹنگز سے فارغ ہوجائوں، سیدھا اپنی پیاری بیٹیوں کے پاس پہنچ جائوں۔

شعیب منصور اور جیو کی سپر ہٹ فلم ’’بول‘‘ سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والی معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے بھارتی فلموں میں بھی کام کیا۔ تاہم ان کو بول جیسی کام یابی تاحال حاصل نہیں ہوئی۔ حمائمہ نے کیریئر کے ابتدا میں معروف اداکار شمعون عباسی سے شادی کی۔ یہ شادی زیادہ عرصے تک نہ چلی اور پھر طلاق ہوگئی۔ شمعون عباسی اس سے قبل معروف اداکارہ جویریہ عباسی کو طلاق دے چکے تھے، اس کے باوجود بھی حمائمہ ملک نے شمعون سے محبت کی شادی کی۔ نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حمائمہ ملک نے اب کراچی کے ایک سرمایہ دار سے خفیہ شادی کی ہوئی ہے۔

موسیقی کی دنیا کی مشہور گلوکارہ حمیرا ارشد نے 2004میں احمد بٹ سے شادی کی۔ ان کا ایک بیٹا ہے، کئی برس تک ان دونوں شخصیات کے مابین اختلاف سامنے آتے رہے اور آخر کار 2019میں دونوں نے اپنے راستے جدا کرلیے۔ ان دنوں احمد بٹ بیٹے کے ساتھ امریکا میں رہتے ہیں، ان دونوں کی کئی برس بعد شادی کا ٹوٹ جانا لمحہ فکریہ ہے۔

ماضی کی بات کی جائے تو نامور اداکارہ شکیلا قریشی اور کامیڈی کنگ عمر شریف کی شادی ناکام ہوئی۔ اداکارہ سونیا اور بابر کی شادی بھی کام یاب نہیں ہوسکی۔ فیصل قریشی کی پہلی شادی بھی نہ چل سکی۔ زیبا بختیار اور عدنان سمیع کی جوڑی بھی حقیقی زندگی میں ناکام رہی۔ ان دونوں کا بیٹا اذان موسیقی کی دنیا میں اپنے والدین کا نام روشن کررہا ہے۔ گلوکارہ فریحہ پرویز نے دو شادیاں کیں۔دونوں ہی ناکام ثابت ہوئیں۔

حال ہی میں یاسر حسین اور اقرأ عزیز کی شادی دھوم دھام سے ہوئی۔ قدرت ان کی شادی کو کام یاب بنائے۔ حمزہ علی عباسی نے نیمل خاور سے شادی کی، دونوں کی جوڑی کو کافی پسند کیا گیا۔ فلموں کی اداکارہ ایمان علی نے میجر عزیز بھٹی کے پوتے بابر بھٹی سے شادی کی جو کام یاب ثابت ہوئی۔ اداکارہ ناہید شبیر کی پہلی شادی ناکام ہوئی، اب انہوں نے دوسری شادی کی ہے۔ اداکارہ میرا سیٹھی کی شادی بھی دھوم دھام سے ہوئی۔

ایک اور اُداس اطلاع آئی ہے کہ گلوکارہ صنم ماروی نے خلع کے لیے فیملی کورٹ لاہور سے رجوع کرلیا۔صنم ماروی نے اپنے وکیل کی وساطت سے فیملی کورٹ میں خلع کا دعوی دائر کیا۔ درخواست گزار صنم ماروی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ شوہر حامد علی سے سال2009 میں اسلامی قوانین کے تحت شادی ہوئی اور ہمارے تین بچے بھی ہیں، شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شوہر بچوں کے سامنے گالیاں دیتا ہے اور مارتا پیٹتا بھی ہے، اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم و ستم برادشت کرتی رہی، مگر اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔صنم ماروی نے استدعا کی ہے کہ شوہر کے ساتھ مزید گزارہ ممکن نہیں ہے، لہذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرےاور آخرکار صنم ماروی کی طلاق ہوگئی۔واضح رہے کہ صنم ماروی صوفیانہ کلام کی جانی مانی گلوکارہ ہیں، ان کی شہرت کو چار چاند کوک اسٹوڈیو کے ’’لگی بنا رین نہ جاگے کوئی سے‘‘ لگے۔

نئی نسل کے فن کاروں نے ایک دوسرے کو پسند کیا اور آپس میں شادیاں کیں۔ یہ اچھی روایت ہے، لیکن آپس میں طلاق کا فیصلہ دل سے نہیں دماغ سے کرنا چاہیے۔ کوئی بھی قدم جلد بازی میں نہ اٹھائیں، اس سے بچوں کی زندگی تباہ ہوجاتی ہے۔ لڑکی اور لڑکے کی دوسری شادی ہوجاتی ہے، لڑکی کو دلہا اور لڑکے کو دُلہن مل جاتی ہے، مگر بچوں کو ماں باپ نہیں ملتے۔ فن کاروں کی آپس میں شادیاں اور طلاقیں مداحوں کے لیے دُھوپ چھائوں کی طرح ہوتے ہیں۔ ہماری دعا ہے، دوسروں کو خوشیاں بانٹنے والے فن کاروں کے گھر ہمیشہ آباد رہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین