لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان کو طلب کرلیا۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ ہم چاہتے ہیں مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل ہماری معاونت کریں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان نے عدالت کو بتایا کہ ویسے تو حکومت کا موقف آچکا ہے۔
اس پر جسٹس علی باقر نجفی نے دوبارہ باور کروایا کہ ہم چاہتے ہیں اٹارنی جنرل پاکستان عدالت کی معاونت کریں۔
انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر وہ خود نہیں آسکتے تو ہم آرڈر کرکے بلوا لیں گے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی 8 ہفتوں کی توسیع کو مسترد کر دیا ہے اس کے بعد مریم نواز کی یہ درخواست غیر مؤثر ہوجائے گی۔
عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔