• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی پر تنقید، شو ’لاسٹ ویک ٹو نائٹ ود جان اولیور‘ بھارت میں نشریات بند

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا تو وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریفوں میں مصروف ہے تاہم عالمی مزاحیہ تنقیدی شو ’لاسٹ ویک ٹو نائٹ ود جان اولیور‘ کے شو کو بھارت میں آن لائن نشر کرنے سے روک دیا گیا۔مذکورہ شو ویب اسٹریمنگ امریکی چینل ’ایچ بی او‘ پر نشر کیا جاتا ہے تاہم مذکورہ شو کو ڈزنی اسٹوڈیو ہر ملک میں اپنے مقامی ویب اسٹریمنگ چینلز پرریلیز کرتا ہے اور ماضی میں اس شو کو بھارت میں بھی جاری کیا جاتا رہا ہے۔تاہم اس شو کی حالیہ قسط کو ڈزنی اسٹوڈیو نے اپنے ویب اسٹریمنگ چینل ’ہاٹ اسٹار‘ پر ریلیز نہیں کیا، جس کی وجہ شاید شو میں نریندر مودی پر تنقید ہے۔جان اولیور نے 23 فروری کو کیے گئے شو میں امریکی وزیر اعظم ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت سمیت بھارتی وزیر اعظم کی انتہاپسندی، ہندوستان میں اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور نریندر مودی کی جانب سے ماضی میں ریاست گجرات میں کیے گئے مسلمانوں کے قتل عام پر بات کی تھی۔میزبان نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا تھا کہ ’دیکھیں کیا ظلم ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ محبت کی نشانی کا دورہ کریں گے۔اسی طرح انہوں نےپروگرام میں بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ’بھارتی قوم کے والد‘ قرار دے چکے ہیں جب کہ یہ اعزاز مہاتما گاندھی کو حاصل ہے۔جان اولیور کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کی تعریف میں زمین و آسمان ایک کرتے ہوئے انہیں عظیم شخص قرار دیا اور یہ بھول گئے کہ ان کی حکومت میں ہی ہے گزشتہ 2 ماہ سے اقلیتوں پر مظالم جاری ہیں۔جان اولیور کے مذکورہ شو کو اگرچہ محض 3 دن میں یوٹیوب پر 52 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے تاہم اس شو کو بھارت میں ’ہاٹ اسٹار‘ پر ریلیز نہ کیے جانے پر کئی لوگوں نے حیرانی کا اظہار کیا۔ساتھ ہی کئی افراد نے جان اولیور سے اتفاق کیا کہ بالآخر مغربی میڈیا کو وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی سیاسی جماعت ’بھارتی جنتا پارٹی‘ (بی جے پی) کا نظریہ سمجھ آگیا اور وہ جان گئے کہ دراصل ’بی جے پی‘ نیونازی ہی ہے۔تاہم چند افراد نے جان اولیور پر تنقید بھی کی اور دعویٰ کیا کہ پروگرام میں بھارت سے متعلق پیش کیے گئے کچھ حقائق غیر حقیقی ہیں اور میزبان نے ریسرچ کیے بغیر کچھ نشریاتی اداروں کی رپورٹس پر اکتفا کیا۔جان اولیور کا مذکورہ پروگرام ڈونلڈ ٹرمپ کے 24 فروری کو بھارت پہنچنے سے ایک دن قبل نشر کیا گیا تھا۔

تازہ ترین