• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر لندن نے لیبر قیادت کیلئے سر کیئر سٹارمر کی حمایت کر دی

لندن (پی اے) میئر لندن صادق خان نے لیبر لیڈر شپ کیلئے سر کیئر سٹارمر کی حمایت کر دی۔ انہوں نے لیبر قیادت کی دوڑ میں سر کیئر اسٹارمر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیرمی کوربن کی جگہ لینے کیلئے بہترین، پارٹی کو متحد کرنے اور حکومت میں لانے کیلئے پارٹی قیاڈت کی ریس میں صف اول کے فرد ہیں۔ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے میئر، جو سٹی ہال میں داخل ہونے سے پہلے ٹوٹنگ سے رکن پارلیمنٹ تھے اور وہ پارٹی کے انتہائی طاقت ور منتخب سیاستدانوں میں سے ایک ہیں، نے ٹویٹر پر پارٹی لیڈرشپ دوڑ میں اپنی توثیق کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ میں آئندہ لیبر لیڈر کیلئے کیئر سٹارمر کو ووٹ دوں گا۔ میں انہیں کئی دہائیوں سے جانتا ہوں۔ وہ ہماری پارٹی کو متحد کرنے، ٹوریز سے مقابلہ کرنے اور لیبر کو حکومت میں لانے کیلئے بہترین شخص ہیں۔ ایک اور مستقبل ممکن ہے۔ شیڈو بریگزٹ سیکرٹری سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ مسٹر خان کی حمایت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ صادق اس کا اظہار کر رہے ہیں کہ لیبر اقتدار میں آ کر زندگیاں بدل سکتی ہے۔ میں لندن میں لیبر کو برقرار رکھنے کیلئے ان کے ساتھ مل کر انتخابی مہم چلانے کا منتظر ہوں۔ لیبر پارٹی کی قیادت کیلئے مقابلہ سر کیر سٹارمر، شیڈو بزنس سیکرٹری ربیکا لانگ بیلی اور وگن کی رکن پارلیمنٹ لیزا نینڈی کے درمیان ہے۔ رواں ہفتے لیبر پارٹی کے سپورٹرز اور ارکان نے ووٹنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ بیلٹ پیپرز کے بیچز ای میل اور پوسٹ کے ذریعے بھیھج دیئے گئے ہیں۔ سپورٹرز اور ارکان نئے لیبر ڈپٹی لیڈر کا بھی انتخاب کریں گے، جس کیلئے انجیلا رینر، ڈان بٹلر، ایان مرے، ڈاکٹر روزینہ آلین خان اور رچرڈ برگن میدان میں ہیں۔ نئے لیبر لیڈر اور ڈپٹی لیڈر کا اعلان 4 مارچ کو کیا جائے گا جو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
تازہ ترین