• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان کے شہنشاہ نارو ہیتو کی 60ویں سالگرہ کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔

جاپان کے شہنشاہ نارو ہیتو کی 60ویں سالگرہ کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسومورا کی میزبانی میں منعقد کی گئی، تقریب میں ملکی و غیرملکی مہمانوں، سفارتکاروں، سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز جاپان اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا جسے کراچی میں جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل آشیدہ کاتسو نوری نے اپنے خوبصورت روایتی انداز میں پڑھا۔

جاپانی شہنشاہ اکی ہیتو کی بادشاہت سے گزشتہ برس دستبرداری کے بعد سے ان کے عہد کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد ان کے بیٹے نارو ہیتو کے دور شہنشاہیت یعنی ریوا دور کا آغاز ہوا۔ ریوا عہد میں منایا جانے والا یہ جاپان کا پہلا قومی دن تھا۔

اس رنگارنگ تقریب میں 2020 ٹوکیو اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز کے فروغ کیلئے بھی اسٹیج کے ساتھ خصوصی ڈسپلے رکھا گیا تھا۔ تقریب میں رکھے گئے اولمپک اور پیرا اولمپک کے دو ماسکوٹ حاضرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

شہنشاہ جاپان کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا نے ریوا عہد کے اس پہلے قومی دن کی میزبانی کے فرائض ادا کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔

قونصل جنرل جاپان نے بتایا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی ہے کہ کراچی میں جاپانی ثقافت کے فروغ کے لیے لگ بھگ 23 ادارے کام کر رہے ہیں۔

توشی کازو ایسومورا نے اپنی تقریر کا اختتام اس سال جولائی میں جاپان میں منعقد کئے جانے والے ٹوکیو اولمپک اور پیرا اولمپک کی گفتگو سے کیا۔ انہوں نے پاکستانیوں کو بڑی تعداد میں جاپان جاکر ان کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی۔

پاک جاپان کلچرل ایسوسی ایشن کی صدر سعدیہ راشد اور پاک جاپان بزنس فورم کے نائب چیئرمین کلیم فاروقی نے جاپانی عوام کو شہنشاہ جاپان کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور جاپان کے ساتھ ثقافتی اور معاشی تعلقات مزید موسم مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر حسب روایت سالگرہ کا کیک کاٹنے کی رسم ہوئی جس کے بعد شرکاء کو مزیدار جاپانی کھانے پیش کئے گئے۔


تازہ ترین