لوٹن (نمائندہ جنگ) خطیب مرکزی جامع مسجد غوثیہ لوٹن مولانا حافظ اعجاز احمد نے کہا ہے کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللّٰه تعالی عنہ کی ساری زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔آپ رضی اللّٰه میں عاجزی و انکساری کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی آپ بڑوں کے ساتھ ہی نہیں بچوں کے ساتھ بھی شفقت، الفت ، محبت ، عاجزی اور انکساری سے پیش آتے تھے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام بعد از مغرب لوٹن سنٹرل ماسک میں خلیفہ اوّل حضرت ابو بکر صدیق رضی اللّٰه تعالی عنہ کی شان مبارک میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللّٰه تعالی عنہ کی فضیلت اور شان بہت بلند ہے۔اس موقع پر انہوں نے مسجد ہذا میں زیر تعلیم بچوں کی قرات کو سراہا انہوں نے کہا کہ پانچ چھ سال کی عمر کے بچوں کا شرکاء کے سامنے درست تلفظ سے تلاوت کرنا اساتذہ کی محنت اور بچوں کی لگن کا مظہر ہے جبکہ آج دو بچوں نے خوبصورتی اور کمال ادب سے خلیفہ اوّل کے مرتبہ کو بیان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جو شخص باآواز بلند قرآن کی تلاوت کرتا ہے اس عمل سے سننے والے کے دل پر اثر ہوتا ہے ، قلوب و اذہان منور اور روشن ہوتے ہیں رب ذالجلال کی رحمتوں کا خصوصی نزول ہوتا ہے، انہوں نے تلقین کی کہ جب قرآن پڑھا جائے تو خاموشی اور ادب سے سنو ، انہوں نے مزید کہا کہ درست عقیدہ اور ایمان کی پختگی اس پرفتن دور میں ازحد ضروری ہیں ۔ سچے عقائد، اہل بیت اطہار ، خلفائے راشدین اور صحابہ کرام سے محبت کو اپنے بچوں میں عام کیا جائے اور بچوں کو درست عقائد سے آگاہ کیا جائے ، قبل ازیں متعدد بچوں اور نوعمر افراد نے تلاوت پیش کی ۔ مولانا محمد قاسم نے انگریزی میں فضائل و مناقب خلیفہ اوّل بیان کیے۔ نظامت حافظ عرفات احمد نے کی۔ شرکاء میں قاری محبوب، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سفارتی شعبہ کے سربراہ ظفر خان، کشمیر سالیڈیرٹی کیمپین لوٹن کے کو آرڈی نیٹر حاجی چوہدری محمد قربان، صدر انتظامی کمیٹی حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی، نائب صدرپہلوان حاجی ملک پنوں، پی ٹی آئی کشمیر کے چوہدری محمد رفیق ، پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے راجہ رفیق، چوہدری اقبال ، چوہدری ولایت، راجہ صفدر، راجہ عجائب، صوفی کرامت مغل شمشاد مغل سمیت بڑی تعداد میں عمائدین موجود تھے۔ اس موقع پر مسجد کمیٹی عہدیدار حاجی چوہدری محمد قربان نے اپنے والدین کے ایصال ثواب کے لیے عطیہ بھی دیا۔ مولانا حافظ اعجاز احمد نے امت مسلمہ کی سرخروئی اور متعدد مریضوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کرائی، آخر میں درودوسلام کے نزرانہ کے ساتھ اس روح پرور پروگرام کا اختتام ہوا۔