خیبر پختون خوا کے ضلع مردان میں لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش مل گئی، جبکہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے گم شدہ 3 بہنوں کا اب تک پتہ نہیں چل سکا۔
مردان پولیس کے مطابق مردان کے علاقے گڑھی کپورہ میں 3 دن سے لاپتہ بچی کی لاش نالے سے مل گئی ہے۔
پولیس نے بچی کی لاش نالے سے نکالنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے تاکہ پتہ چلایا جائے کہ بچی کس طرح جاں بحق ہوئی۔
ادھر 2 روز قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی شیخان سے 3 کم سن بہنیں لاپتہ ہو گئی تھیں جن کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی، 4 روز قبل لاپتہ ہوئی بچی کی لاش برآمد
پولیس ذرائع کے مطابق کلی شیخان سے تینوں بچیاں 2 روز قبل گھر سے مدرسے جانے کے لیے نکلی تھیں، جو کہ مدرسے ہی نہیں پہنچیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں بچیوں کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں، بچیوں کے اہلِ خانہ سےان کی گمشدگی کی بابت رشتہ داروں سے رابطہ کرنے کے لیے کہا گیا ہے، لاپتہ ہونے والی تینوں بہنوں کی عمریں 7 سے 9 سال ہیں۔