پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی احد رضا میر اور سجل علی نے پاکستان میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نیتھا درناکس کو اپنی شادی کی دعوت دے دی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نیتھا درناکس کی جانب سے سجل اور احد سے ملاقات کی تصویریں شیئر کی گئیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں جوڑے سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے لکھا کہ احد اور سجل متعدد بار ٹی وی اسکرین پر تو شادی کر چکے ہیں لیکن اب اصل میں شادی کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
جواب میں احد رضا میر نے بھی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ احد اور سجل نے اپنی شادی کی تاریخ کو خفیہ رکھا ہوا ہے، گزشتہ دنوں ان کی ڈھولکی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی۔
مذکورہ تصویر سے احد اور سجل کے مداح قیاس کررہے تھے کہ دونوں جلد ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ہیں۔