• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہوگئے

افغان طالبان اور امریکی حکومت کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

افغان طالبان کے نمائندے ملا عبدالغنی برادر اور امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان امن عمل زلمے خلیل زاد نے دستخط کیے۔

معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد ہال میں افغان طالبان وفد کی جانب سے ’اللّٰہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کیا گیا۔

امن معاہدے پر دستخط کے بعد ملا عبدالغنی برادر اور زلمے خلیل زاد نے مصافحہ بھی کیا۔

تقریب میں شریک مختلف ممالک کے نمائندوں نے کھڑے ہو کر امن معاہدے کا خیر مقدم کیا۔

امن معاہدے پر دستخط سے متعلق قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقدہ تقریب میں افغان طالبان، افغان حکومت، امریکا، قطر اور پاکستانی حکام نے شرکت کی۔

معاہدے پر افغان عوام خوشیاں منارہے ہیں، مائیک پومپیو

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کے لیے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کردار قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور طالبان دہائیوں سے جاری اس تنازعے کو ختم کر رہے ہیں، اس معاہدے سے افغانستان میں امن قائم ہوگا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اس معاہدے پر افغان عوام خوشیاں منارہے ہیں۔

امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے امریکی اور افغان فورسز نے مل کر کام کیا ہے۔

مائیک پومپیو کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاریخی مذاکرات کی میزبانی پر امیر قطر کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان نے اپنے مثبت رویے اور کردار سے امن کے لیے سنجیدگی کا ثبوت دیا، اگر طالبان نے امن معاہدے کی پاسداری کی تو عالمی برادری کا رد عمل بھی مثبت ہوگا۔

امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے افغانستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ امن کی پاسداری کے لیے سب کو قربانی دینا ہوگی۔

مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ آج کا معاہدہ افغانستان کو دوبارہ دہشت گردی کا گڑھ بننے سے روکے گا۔

اسلامی امارات معاہدے پر عملدآمد کیلئے پُر عزم ہے، ملا عبدالغنی برادر

افغان طالبان کے نمائندے ملا عبدالغنی برادر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی امارات (طالبان دور حکومت میں افغانستان کا نام) امریکا کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کا عزم کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔

ملا عبدالغنی برادر نے تمام افغان گروہوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مکمل اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اکٹھے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر ی حکومت کی جانب سے اس سارے عمل پر تعاون اور پاکستان کی طرف سے مدد و معاونت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ملا عبدالغنی برادر نے چین، ازبکستان، ایران اور روس کا امن عمل میں تعاون کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس معاہدے کو افغانستان میں پائیدار امن کی جانب ایک پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں مضبوط اسلامی نظام کے قیام کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

امریکا اور افغان حکومت کا اعلامیہ

امن معاہدے کے ساتھ ہی امریکا اور افغان حکومت کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ بھی سامنے آگیا۔

اس اعلامیے میں کہا گیا کہ افغانستان سے امریکی افواج 14 ماہ میں مکمل انخلا کریں گی۔

اعلامیے کے مطابق منصوبہ طالبان کی جانب سے امن معاہدے کی پاسداری سے مشروط ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق امریکا اور افغانستان حکومت 4 نکات پر مشتمل جامع امن معاہدے پر مل کر کام کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ افغان سر زمین امریکا اور  اس کے اتحادیوں پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔

اس کے ساتھ ساتھ امریکا اور اتحادی افواج کے انخلا کا ٹائم لائن دیا جائے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کے ذریعے سیاسی استحکام لایا جائے گا، طالبان اور افغانستان کی شمولیتی مذاکراتی ٹیم کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا کہ افغانستان میں مستقل اور وسیع البنیاد جنگ بندی ہوگی۔

یہ ایک تاریخی دن ہے، رکن طالبان قطر آفس

قبل ازیں طالبان قطر آفس کے اہم رکن ملا شہاب الدین دلاور نے اس دن کو تاریخی قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے دستخط کے بعد تمام غیر ملکی فوجیں افغانستان سے روانہ ہو جائیں گی اور ملک میں امن آئے گا۔

شاہ محمود قریشی کی زلمے خلیل زاد سے ملاقات

قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کی تھی۔

اس ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے امن معاہدے کی تازہ ترین صورتحال سے وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج کے امن معاہدے کے بعد  انٹرا افغان مذاکرات کی امید ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کو تعمیرِ نو اور بحالی کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہوگی۔

تازہ ترین