• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2301 زائرین ایران سے واپس آئے ہیں، ٹاسک فورس کا اجلاس

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ انکی حکومت کی جانب سے بروقت کی جانے والی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔یہ بات انھوں نے وزیراعلی ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاس میں بتائی ۔ اجلاس میں چیف سکریٹری ممتاز شاہ، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، کمشنر کراچی افتخار شاہلوانی اور دیگر شامل تھے،اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ دو دن اتوار اور پیر کو لیب ٹیسٹ کیلئے 12 کورونا وائرس کے نمونے بھیجے تھے، ان میں سے 11 کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ ایک نمونے کے نتیجہ کا انتظار ہے۔ یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ 2301 زائرین ایران سے واپس آئے ہیں جن میں 681 بذریعہ کراچی اور 1620 بذریعہ تفتان بلوچستان کے راستے آئے ہیں۔ محکمہ صحت نے ان کی مکمل تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ چیف سکریٹری نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انہوں نے تفتان کے راستے ایران سے آنے والے زائرین کی تفصیلات شیئر کرنے کیلئے بلوچستان میں ہم منصب سے رابطہ کیا ہے۔اجلاس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ کچھ تعلیمی اداروں نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی ہے اور پیر کے دن ادارے کھولے گئے ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کریں اور انہیں رپورٹ کریں۔

تازہ ترین