• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے سگے بھائی کی طرح جاوید آفریدی سے محبت کرتا ہوں، ڈیرن سیمی

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے اور ٹیم مالک جاوید آفریدی کے درمیان تلخیوں کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان کے اور جاوید آفریدی کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے، وہ ان کے سگے بھائیوں کی طرح ہیں۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی کے گزشتہ میچ میں ڈیرن سیمی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور ان کی جگہ پر وہاب ریاض نے کپتانی کی تھی۔

جس کے بعد میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پشاور زلمی کے فرنچائز مالک جاوید آفریدی اور ڈیرن سیمی کے درمیان تلخی پیدا ہوگئی ہے۔

تاہم یہ خبریں اسی وقت دم توڑ گئیں جب ڈیرن سیمی نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں ان کی تردید کی۔

زلمی کے مستقل کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ’میں یقین نہیں کرسکتا کہ میڈیا یہ سوچے گا کہ میرے اور جاوید آفریدی کے درمیان کبھی کوئی مسئلہ پیدا ہوگا۔‘

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ تو ان سے متعلق ہونے باتوں پر ہنس رہے ہیں۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ ’سنو! میں اس شخص (جاوید آفریدی) کو اپنے سگے بھائی کی طرح پیار کرتا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’کیا آپ واقعی سنجیدہ ہیں؟ پشاور زلمی میرے لیے میرے بچوں کی طرح ہے اور ہمارے درمیان کوئی نہیں آسکتا، کچھ بھی نہیں۔‘

ڈیرن سیمی نے اس پیغام میں اپنی اور ٹیم مالک جاوید آفریدی کی تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ دونوں خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں ٹیم منیجمنٹ کے فیصلے کے بعد ڈیرن سیمی کے ٹوئٹ نے نا صرف کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچادی تھی بلکہ ایک پُراسراریت بھی پیدا ہوگئی تھی۔

تازہ ترین