سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزارت کے خلاف جاری آپریشن میں مداخلت کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
6 مارچ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔
درخواست گزار نے عدالت سے فردوس شمیم نقوی کو نااہل قرار دینے اور انہیں کام سے روکنے کی استدعا کی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: 2 ایس پیز کے تبادلے روکنے کیلئے فردوس شمیم کا خط
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے گلشنِ اقبال میں ہونے والے تجاوزات آپریشن میں رکاوٹ پیدا کی۔
درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی الہٰ دین پارک سے متصل اراضی پر کرسی ڈال کر بیٹھ گئے اور انہوں نے کہا کہ انہیں تجاوزات آپریشن کا سپریم کورٹ کا فیصلہ دیا جائے۔