• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین، کورونا کے نئے کیسز میں کمی آنے لگی


چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والےکورونا وائرس کےنئے کیسز کی تعداد میں کمی آنے لگی ہے ، مزید 119 افراد میں مرض کی تشخیص ہوئی جبکہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے 38 اموات ہوئیں۔

چین کے طبی حکام کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 38ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 981 ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 652 مریض صحت یابی کے بعد اسپتالوں سے گھر لوٹ گئے ہیں جبکہ اب تک وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 49 ہزار 856 ہوگئی ہے۔

چین کے طبی حکام کے مطابق اسپتالوں میں 27 ہزار 433 افراد کا علاج اب بھی جاری ہے،چین میں کورونا وائرس کے 80 ہزار 270 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

دوسری جانب چین سے شروع اور پھر دیگر ملکوں میں پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے اب تک دنیا کے 80 ممالک متاثر ہوچکے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئیں، اٹلی میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 79 ہوگئی، کورونا وائرس سے ایران میں 77،جنوبی کوریا میں 32،جاپان میں 12 ہلاکتیں ہوئیں ہیں ۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے مزید3ہلاکتوں کے بعد تعداد 9 ہوگئی، اسپین میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 200 ہوگئی ہے ۔

خبر ایجنسی کے مطابق ارجنٹینا اور چلی میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سامنے آ گئے جبکہ جنوبی کوریا میں مریضوں کے لیے اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی، جنوبی کوریا میں مزید 516 نئے کیسز سامنے آگئے، تعداد 5 ہزار 328 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظرایران کی جانب ست 54ہزار قیدیوں کو عارضی رہا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ برطانیہ اور امریکا کے کچھ علاقوں میں اسکول بند کر دیئے گئے، متحدہ عرب امارات نے بھی4ہفتوں کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔

پڑوسی ملک بھارت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظربحری مشقیں ملتوی کردیں ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں سے 3.4 فیصد کی اموات ہوئیں ہیں جبکہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح موسمیاتی فلو سے زیادہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین